آئی جی اسلام آبادکی زیر صدارت اسلام آباد کے کے مختلف مدارس کے علماء کرام کا اجلاس ، مدارس انتظامیہ اور پولیس کی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی

مدارس اور مساجد کو دوسرے فرقے کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا نہ ہی نفرت انگیز لٹریچر یا سی ڈیز وغیرہ کی تقسیم یا تشہیر کی جائے گی ، علمائے کرام کا اظہار خیال ، مدارس کی پڑتال کے بارے میں بعض خدشات کا اظہار

بدھ 19 اگست 2015 21:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء ) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طاہر عالم خان کی زیر صدارت اسلام آباد کے کے مختلف مدارس کے علماء کرام کا اجلاس ، مدارس انتظامیہ اور پولیس نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرادی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طاہر عالم خان کی زیر صدارت اسلام آباد کے مختلف مدارس کے علماء کرام پر مشتمل وفد کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران اور مدارس کے نامور علما ئے کرام نے شرکت کی جن میں علامہ محمد نذیر فاروق،علامہ ظہور احمد علوی،علامہ محمد احسان ﷲ،علامہ محمد عبداﷲ،مولانا عبدالقدوس عباسی،مولانا عبدالغفار عباسی،مولانا حبیب اﷲ ،مولانا عبدالکریم اور پیر محمد عزیزالرحمان شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کے دوران آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد میں ایمپلی فائر ایکٹ پر عمل درآمد کے سلسلہ میں علمائے کرام کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر اسلام آباد میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر کافی کمی آئی ہے البتہ دیہاتی علاقوں میں اس طرف مزید توجہ کی ضرورت ہے جس پر علمائے کرام نے اپنے تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ۔

اجلاس میں علمائے کرام نے یقین دلایا کہ ان کے مدارس اور مساجد کو دوسرے فرقے کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا نہ ہی نفرت انگیز لٹریچر یا سی ڈیز وغیرہ کی تقسیم یا تشہیر کی جائے گی ۔اجلاس کے دوران علمائے کرام کی طرف سے مدارس کی پڑتال کے بارے میں بعض خدشات کا اظہار کیا گیا جن کو یقین دلایا گیا کہ اسلام آباد پولیس ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کسی بھی مدرسے کی صرف اسی وقت تلاشی لے گی جب پولیس کے پاس اس مدرسے کے طلباء وغیرہ کے کسی جرم یا دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بارے میں پختہ اور ناقابل تردید معلومات ہوں گی ۔

جس پر علمائے کرام نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں مدارس کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات اگردرکار ہوں گی تو وہ مہیا کریں گے ۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں