اقتصادی ٹیم نے مشکل حالات میں معاشی حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا،صدرممنون

جمعرات 20 اگست 2015 15:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے بہت مشکل حالات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کے معاشی حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے دسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی معیشت میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔ ماضی میں کرپٹ عناصر نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں معاشی بحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ اس خطے کی سب سے اہم بندرگاہ ہوگی اور گوادر میں بحری جہازوں کی صنعت بھی قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پوری دنیا اور ہمارے خطے میں خلائی تحقیق کے شعبے میں جو پیش رفت ہو رہی ہے اْسے پیشِ نظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے اہداف کا واضح طور پر تعین کرنا چاہیے کیونکہ اس کے بغیر ہماری کاوشیں قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد زندگی کے عملی میدان میں جب قدم رکھیں تو اپنی ذات اور اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ اپنے عزیز وطن کی خدمت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں۔

تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ اس سے قبل صدر مملکت نے جیو اسپیشئل ریسرچ اینڈ ایجوکیشن لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ صدر مملکت جب کانووکیشن میں شرکت کے لیے پہنچے تو دلفریب دھنیں بجا کر صدر مملکت کا استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں