آج ہمیں 1965ء کی جنگ والے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے، پرویزرشید

اختلافات سے بالاتر ہوکر ہرشہری کوملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،یوم دفاع قومی جذبے کے ساتھ منایاجائے ،وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید

جمعرات 20 اگست 2015 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہاہے کہ آج بھی ہمیں 1965ء کی جنگ والے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے، اختلافات سے بالاتر ہوکر ہرشہری کوملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ وہ جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں 1965ء کی جنگ میں پاکستان کے کامیاب دفاع کی یاد میں تقریبات منعقدہ کرنے کاجائزہ لیا گیا اورتمام متعلقہ محکموں کوتجاویز اورسفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات صبامحسن رضا، ایم ڈی پی ٹی وی محمد مالک، ڈی جی ریڈیو سید محمدعمران گردیزی، پی آئی او راؤ تحسین علی خان اور دیگراعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کہاکہ 1965ء کی جنگ کے دوران ہر پاکستانی اپنی مذہبی ولسانی وابستگی سے بالاترہوکر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد ہوگیاتھا ملک کو اس وقت کے مشکل دور میں بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں کو اس جذبے سے آگاہ کیاجائے جس کے ذریعے ہم نے ایک بڑے دشمن کوشکست دی تھی جس کے پاس بھاری وسائل تھے ہمیں اپنے ان ہیروز اور جوانوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے مادر وطن کے وقار کادفاع کیا دشمن نے بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ سرحدوں کو رونگتے ہوئے جارحیت کا ارتکاب کیاتھا اور آج اس کی جارحیت خفیہ طورپر جاری ہے ۔

وفاقی وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ قوم کو بہادری اور قربانی کاپیغام دیں اور یوم دفاع قومی جذبے کے ساتھ منایاجائے جس میں اپنے شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیاجائے اجلاس میں 50واں یوم دفاع منانے کے بارے میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور وفاقی وزیر اطلاعات نے متعلقہ محکموں کو جلد ان پروگراموں کے بارے میں تجاویز اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ ان شاعروں ،دانشوروں، فنکاروں ،موسیقاروں اورگلوکاروں کی خدمات کو بھی یاد کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے قوم میں جذبہ پیدا کیا اور جنگ کے دور میں اتحاد کوابھارا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں