روس سے ترجیحی تجارت اور ٹیرف میں کمی پر مذاکرات کا ازسر نو آغاز کریں گے، روس کی زرعی شعبے کی برآمدات 45ارب ڈالر سے زائد ہیں ، روس کیجانب سے یورپی زرعی برآمدات پر پابندی کے نتیجے میں پاکستان کیلئے پھل،سبزیاں اور گوشت برآمد کرنے کے وسیع ترمواقع پیداہوئے ہیں

وزیر تجارت خرم دستگیرکاوفاقی وزیرتحفظ خوراک سکند ر بوسن کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کے دوان خطاب

جمعرات 20 اگست 2015 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیرنے کہا ہے کہ روس سے ترجیحی تجارت اور ٹیرف میں کمی پر مذاکرات کا ازسر نو آغاز کریں گے، روس کی زرعی شعبے کی برآمدات 45ارب ڈالر سے زائد ہیں جبکہ روس کی جانب سے یورپی زرعی برآمدات پر پابندی کے نتیجے میں پاکستان کیلئے پھل،سبزیاں اور گوشت برآمد کرنے کے وسیع ترمواقع پیداہوئے ہیں ، جمعرات کووہ یہاں وفاقی وزیرتحفظ خوراک وتحقیق سکندرحیات بوسن کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مشترکہ طورپرصدارت کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان یوریشئن کسٹمز یونین جس میں روس، قازقستان اور بیلاروس شامل ہیں ، میں شمولیت کیلئے مذاکرات کر رہا ہے ، اس مقصد کیلئے وزیر اعظم نے حال ہی میں روس اور بیلاروس کے دورے کئے ہیں اور آئندہ ماہ وزیر اعظم قازقستان کو دورہ کریں گے جس سے پاکستان کی اس خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو خاصی تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ ماہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی 12پاکستانی ایکسپورٹر وں کو روس میں اپنی مصنوعات کی نمائش میں سہولت فراہم کرے گی جس سے پاکستانی مصنوعات کی روس میں تشہیر ممکن ہو سکے گی۔

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ روس کے محکمہ قرنطینہ کے حکام کو پاکستان آنے کی دعوت دی جائے تاکہ روسی حکام پاکستان میں گوشت کے پروسیسنگ پلانٹ رجسٹرڈ کر سکیں اور ان پلانٹس سے گوشت بلا روک ٹوک روس برآمد کیا جا سکے۔ یہ بھی درخواست کی گئی کہ ہوائی جہاز کے ذریعے پاکستان سے پھل سبزیاں اور گوشت روس بھجوانے کے اخراجات کافی زیادہ ہیں اس ضمن میں حکومت مدد فراہم کرے اور ملک سے کولڈ سٹوریج کی سہولت سے آراستہ ہوائی سروس کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کرے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرتحفظ خوراک وتحقیق سکندر بوسن کے علاوہ سیکرٹری تجارت شہزاد ارباب، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی سیرت اصغر، چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایس ایم منیر، ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن ڈاکٹر مبارک علی اور پھلوں، سبزیوں اور گوشت کے برآمد کنندگان کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔(را)

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں