ملکی سیاسی و عسکری قیادت کا نیشنل ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 21 اگست 2015 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے نیشنل ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی امن و امان تباہ کرنے والوں کا پیچھا کیا جائے گا‘ دہشت گردوں کے خلاف خفیہ آپریشن تیز کیا جائے گا‘ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی‘ پنجاب میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جائے گی۔

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ معاون خصوصی طارق فاطمی اور د یگر حکام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اقتصادی راہداری کی سکیورٹی سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔ دہشت گردوں کے خلاف خفیہ آپریشن شروع کیا جائے گا کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی امن و امان تباہ کرنے والوں کاپیچھا کیا جائے گا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کے دورہ بھارت سے متعلق تبادلہ خیال اور شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد پنجاب کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں