قومی احتساب بیورو میں اردو کو دفتری زبان کے طور پر رائج کرنے کے ضمن میں اجلاس کا انعقاد

ہیڈ کوارٹر میں اردو کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کرنے کیلئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ

جمعہ 21 اگست 2015 19:35

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) قومی احتساب بیورو کے قائم مقام چیئرمین رئیر ایڈمرل سعید احمد سرگانہ کی صدارت میں قومی زبان اردو کو قومی احتساب بیورو میں دفتری زبان کے طور پر رائج کرنے کا جائزہ لینے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہواجس میں ڈائریکٹر جنرل فروغ قومی زبان ڈاکٹر ناصر جمال کی قیادت میں وفد کے علاوہ قومی احتساب بیورو کے ایڈیشنل پراسیکیوٹرجنرل احتساب، ڈائریکٹر جنرل آپریشن، ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس ڈویلپمینٹ، ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹر، ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ، ڈائریکٹر جنرل آگاہی و تدارک اور ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو روالپنڈی نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کے سینئرممبر نے قومی احتساب بیورو میں قومی زبان اردو کو قومی احتساب بیورو میں دفتری زبان کے طور پر نافذ کرنے کے سلسلہ میں ترتیب دیئے گئے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ادارہ فروغ قوم زبان کے ڈائریکٹر جنرل جمال ناصر نے قومی احتساب بیورو کی طرف سے اردو کے دفتری زبان کے طور پر نفاذ کیلئے ترتیب دیئے گئے لائحہ عمل کو سراہا اور کہا کہ قومی احتساب بیوروپہلا ادارہ ہے جس نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اقدامات اٹھانے کیلئے ادارہ فروغ قومی زبا ن سے رابطہ کیا اور اردو کو دفتری زبان کے طور پر قومی احتساب بیورو میں نفاذ کیلئے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ادارہ فروغ قومی زبان کے وفد کوقومی احتساب بیورو میں مدعو کیا اورقومی احتساب بیورو کے اردو کو دفتری زبان کے طور پر قومی احتساب بیورو میں رائج کرنے کے لائحہ عمل کے باریے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ادارہ فروغ قومی زبان احتساب بیورو کے ایک افسر کواردو کو دفتری زبان کے طور پر قومی بیورو میں نافذ کرنے کے لئے ماسٹر ٹرینرکے طور پر تربیت فراہم کرے گا۔ ماسٹر ٹرینر قومی احتساب بیورو کے افسران کو تربیت فراہم کرے گا۔ اجلا س میں انکوائری اور تفتیشی افسران کی کارکرگی کو مذید بہتر بنانے کیلئے انکوائری رپورٹس ،تحقیقاتی رپورٹس اور ریفرنس اردو میں تیار کرنے کیلئے تمام قوانین اور معیاری طریقہ ہائے کار کا اردو میں ترجمہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو کے تمام علاقائی دفاتر سے اردو کو دفتری زبان کے طور پر قومی احتساب بیورو میں نفاذ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں قومی احتساب بیورو ہیڈ کوارٹر میں اردو کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کرنے کیلئے ایک خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے سربراہ کی اہلیت ، قابلیت اور معیار کے تعین کے سلسلہ میں ادارہ فروغ قومی زبان قومی احتساب بیورو کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ قومی احتساب بیورو کے قائم مقام چیئرمین رئیر ایڈمرل سعید احمد سرگانہ نے کہا کہ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور قومی احتساب بیورو میں اردو کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے تمام علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹر جنرلز کو اس سلسلہ میں پہلے ہی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں