الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے شیڈول جاری کر دیا

پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 ، سندھ کے 8 اضلاع میں پولنگ 31 اکتوبر، دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 ، سندھ کے 15 اضلاع میں پولنگ 19 نومبر ، تیسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 ، سندھ کے 6 اضلاع میں پولنگ 3 دسمبر کو ہوگی

جمعہ 21 اگست 2015 19:37

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی استدعا پر بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انتخابات 12 اکتوبر کی بجائے 31 اکتوبر کو کرانے اور باقی دو مراحل کے لئے شیڈول جاری کر دیا ہے تاہم پہلے مرحلے کے شیڈول کا باضابطہ اعلان 26 اگست، دوسرے مرحلے کا 3 ستمبر اور تیسرے مرحلے کا 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں پولنگ 31 اکتوبر، دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 15 اضلاع میں پولنگ 19 نومبر جبکہ تیسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 6 اضلاع میں پولنگ 3 دسمبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب، سندھ کی حکومتوں نے سیلابی صورتحال، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں مصروفیت کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو 12 اکتوبر کو پہلے مرحلے کے انتخابات کے انعقاد کے اعلان پر از سر نو غور کرنے کی استدعا کی تھی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے محرم الحرام کی وجہ سے اس شیڈول پر نظرثانی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق پنجاب میں لودھراں، وہاڑی، اوکاڑہ، پاک پتن، بہاولنگر، فیصل آباد، بھکر، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، گجرات، چکوال جبکہ سندھ میں خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور و کندھ کوٹ میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔

ریٹرننگ افسران کے پاس امیدوار 7 ستمبر سے 11 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جن کی جانچ پڑتال 13 سے 18 ستمبر تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 24 ستمبر جبکہ ٹربیونل کی جانب سے ان پر فیصلہ 30 ستمبر تک کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی یکم اکتوبر کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ حتمی فہرست 2 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

دوسرے مرحلے میں پنجاب میں خانیوال، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اٹک اور جہلم جبکہ سندھ میں مٹیاری، ٹنڈو الہٰ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، حیدر آباد، دادو، جامشورو، شہید بے نظیر آباد، نوشہروفیروز، سانگھڑ، میرپور خاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر میں پولنگ 19 نومبر کو ہوگی۔

دوسرے مرحلے کے لئے باضابطہ شیڈول 3 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 13 سے 17 ستمبر تک جمع کرا جا سکیں گے جن کی جانچ پڑتال 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 6 اکتوبر اور ٹربیونل کی جانب سے انہیں 12 اکتوبر تک نمٹایا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 13 اکتوبر کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ حتمی فہرست 14 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

تیسرے مرحلے میں پنجاب میں لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، جھنگ، خوشاب، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان جبکہ سندھ میں کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ، کراچی ساؤتھ، کراچی سینٹرل، کورنگی اور ملیر میں پولنگ 3 دسمبر کو ہوگی۔ اس مرحلے کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 3 سے 7 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے ان کی جانچ پڑتال 8 سے 13 اکتوبر تک ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں 30 اکتوبر جبکہ ٹربیونل کی جانب سے یہ اپیلیں 5 نومبر تک نمٹائی جائیں گی۔ کاغذات نامزدگی 6 نومبر کو واپس جبکہ حتمی فہرست 7 نومبر کو جاری کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں