بھارت مذاکرات سے انکار کے بہانے تراش رہا ہے ٗ بھارتی ڈکٹیشن قبول نہیں ٗ وزیر اطلاعات پرویز رشید

دہشت گردوں کی کمر توڑ کر کمین گاہیں ختم کر دی ہیں ٗ ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ٗاﷲ رشید گوڈیل کو صحت و تندرستی دے، ہر پاکستانی کی طرح ہمیں ایم کیو ایم رہنماؤں کی زندگی بھی عزیز ہے ٗ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 اگست 2015 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت مذاکرات سے انکار کے بہانے تراش رہا ہے ٗ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کیلئے کوئی شرط یا پابندی عائد نہیں کی، حریت رہنماؤں سے ملاقات اٹل فیصلہ ہے ٗبھارتی ڈکٹیشن قبول نہیں ٗ دہشت گردوں کی کمر توڑ کر ان کی کمین گاہیں ختم کر دی ہیں، ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ٗاﷲ رشید گوڈیل کو صحت و تندرستی دے، ہر پاکستانی کی طرح ہمیں ایم کیو ایم رہنماؤں کی زندگی بھی عزیز ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ مذاکرات کی گیند بھارت کے ہاتھ میں ہے، بھارت مذاکرات سے انکار کے بہانے بنا رہا ہے، بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کیے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاکہ پاکستان مذاکرت کیلئے تیار ہے، پاکستان نے مذاکرات کیلئے کوئی شرط عائد نہیں کی، حریت رہنماؤں سے ملاقات کیلئے بھارت کی پابندیاں اور شرائط کسی طور قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو یہ بتانے کا حق نہیں رکھتا کہ وہ کس کی میزبانی کر سکتا ہے اور کس کی نہیں بھارت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمیں بتائے کہ ہمیں اپنا مہمان کسے بنانا ہے اور کسے نہیں ہم کس سے ملتے ہیں اور کس کی دعوت کرتے ہیں یہ فیصلہ کرنا ہمارا حق ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ بھارت کا یہ اصرار کہ کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کی صورت میں وہ پاکستان سے مذاکرات ہی نہیں کر گا، اس کی مذاکرات میں عدم دلچسپی کا ثبوت ہے۔یہ تو کوئی بات نہیں کہ بھارت یہ اصرار کرے کہ اگر ہم کشمیریوں سے ملیں گے تو وہ مذاکرات ہی نہیں کرے گا۔ ساری دنیا اس بھارتی طرز عمل کو دیکھ رہی ہے جس سے اس کی مذاکرات میں عدم سنجیدگی ثابت ہو رہی ہے۔

‘وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری رہنماؤں کو ایک دعوت میں پاکستانی سفارتخانے جانے کی اجازت نہ دینا کشمیریوں کے بنیادی حقوق صلب کرنے کے مترادف ہے۔دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ کر ان کی کمین گاہیں ختم کر دی ہیں، ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، زخمی ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں پرویز رشید ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ رشید گوڈیل کو صحت و تندرستی دے، ہر پاکستانی کی طرح ہمیں ایم کیو ایم رہنماؤں کی زندگی بھی عزیز ہے، پرانے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ میں اکثر رشید گوڈیل سے چھالیہ مانگ کر کھاتا ہوں ٗکراچی جا کر ان سے چھالیہ لے کر کھاؤں گا۔

استعفوں کے معاملے پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی، کراچی آپریشن صرف جرائم کے خلاف ہے، ایم کیو ایم سے استعفے واپس لینے کیلئے درخواست کی ہے، چاہتے ہیں اسمبلیوں میں ایم کیو ایم کی بات سنیں، اختلاف رائے رکھنے والوں کو اسمبلیوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، کراچی کے لوگوں نے ایم کیو ایم کو منتخب کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں