آڈیٹر جنرل پاکستان کا یوسف رضاگیلانی کیخلاف ترک خاتون اول کا قیمتی ہار گم ہونے کاآڈٹ اعتراض بنانے والے سپروائزری افسران کوایک ماہ اور آڈٹ ٹیم کے ممبران کودوماہ کی اضافی تنخواہ بطورانعام دینے کاحکم

جمعہ 21 اگست 2015 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کیخلاف ترک خاتون اول کی جانب سے تحفتاًدئیے گئے بیش قیمت ہارکی گمشدگی کاآڈٹ اعتراض بنانے والے سپروائزری افسران کوایک ماہ جبکہ آڈٹ ٹیم کے ممبران کودوماہ کی اضافی تنخواہ بطورانعام دینے احکامات جاری کردیئے ۔جمعہ کواضافی تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات آڈیٹرجنرل کے اس اعلان کی روشنی میں جاری کیے گئے جوانہوں نے چارج سنبھالے کے فوراًبعد کیاتھاکہ ایماندار اور محنتی افسران و سٹاف کو اعلیٰ کارکردگی پر انعامات دیئے جائیں گے۔

اس ضمن میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے انعام کے طور پر سپر وائزری افسران کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ جبکہ آڈٹ ٹیم کے ممبران کو دو ماہ کی بنیادی تنخواہ دینے کے احکامات صادر فرمائے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حال ہی میں اخبارات میں چھپنے والی خبر کہ دوست ملک ترکی کی خاتون اول بیگم طیب اردگان نے ایک بیش قیمت ہار سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے لیے عطیہ (تحفہ) کیاتھاجو کہ غائب ہوگیا۔

مذکورہ ہار کے غائب ہونے کی رپورٹ آڈیٹر جنرل نے نادرا سے متعلق اپنی آڈٹ رپورٹ برائے مالی سال 2010-11 تا 2012-13 میں دی تھی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے متعلقہ آڈٹ رپورٹ تیار کرنے والے افسران اور سٹاف کو قومی احتسابی عمل میں اعلیٰ کردار ادا کرنے پرانکی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے مذکورہ آڈٹ ٹیم کی تعریف کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آڈیٹر جنرل کے محکمے کا ہر افسر اور سٹاف اسی دل جمعی ، ایمانداری اور فرض شناسی سے قومی احتسابی عمل میں اپنا کردار ادا کرے جو کہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں