امریکہ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے ‘ رچرڈ اولسن

پیر 24 اگست 2015 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکہ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے ‘پاکستان میں قابلیت کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں جو اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کو مزید ترقی کی طرف لے جا سکتے ہیں ‘ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

وہ پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ اپنے تین سالہ دور سفارت کاری میں انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بڑھانے کے لئے خصوصی کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم کے فروغ کے سلسلے میں بھی امریکہ پاکستان کی معاونت کر رہا ہے ، امریکہ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر خوشحال ملک دیکھنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں بہت سے منصوبوں پر امریکہ پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن نے کہا کہ پاکستان میں قابلیت کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں جو اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کو مزید ترقی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ ہر سال پاکستان اور امریکہ میں بہت سے وفود کا تبادلہ ہوتا ہے جو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

ا س سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پرسٹن یونیورسٹی کے پرو چانسلر عبدالحامد نے کہا کہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرسٹن یونیورسٹی پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس نے ملک میں امریکی نظام تعلیم رائج کیا جو اعلیٰ ترین معیار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرسٹن یونیورسٹی نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور یونیورسٹی کے ہزاروں فارغ التحصیل طلبہ و طالبات امریکہ کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پرو چانسلر نے پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا پرسٹن یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب سے ڈاکٹر غضنفر مہدی اور جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پرسٹن یونیورسٹی کے پرو چانسلر عبدالحامد نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو یونیورسٹی شیلڈ اور تحائف پیش کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں