سربراہ عوامی تحریک نے تین ماہ میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی مکمل کرنیکی ہدایت کر دی،پارٹی دستور پر نظر ثانی کیلئے کمیٹی قائم، بلدیاتی الیکشن کیلئے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع

جمہوری رویوں کے فقدان کے باعث عوام جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہیں ،ڈاکٹر طاہر القادری

پیر 24 اگست 2015 19:30

سربراہ عوامی تحریک نے تین ماہ میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی مکمل کرنیکی ہدایت کر دی،پارٹی دستور پر نظر ثانی کیلئے کمیٹی قائم، بلدیاتی الیکشن کیلئے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری رویوں کے فقدان کے باعث عوام تک جمہوریت کے ثمرات نہیں پہنچ سکے ۔سیاسی جماعتوں کے قائدین بات جمہوریت کی کرتے ہیں مگر ان کے رویے آمروں سے بھی بدتر ہیں۔ عوامی تحریک کوتمام طبقات کی نمائندہ جماعت بنانے کیلئے اس کے تنظیمی ڈھانچہ سے ون مین شو کی گنجائش ختم کر کے اجتماعی قیادت کا تصور دیا ہے کارکنوں کی مشاورت کے بغیر نہ کوئی پالیسی فائنل ہو گی اور نہ کوئی فیصلہ مسلط ہو گا۔

سربراہ عوامی تحریک نے گزشتہ روز ٹیلیفون پر عوامی تحریک کو منظم اور متحرک سیاسی قوت میں تبدیل کرنے کے حوالے سے عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران کو تین ماہ کے اندر سندھ ،پنجاب ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تنظیمیں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کارکن اور لیڈر شپ کے درمیان رابطوں کو آسان اور موثر بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

پارٹی پالیسی کی تشکیل میں کارکنوں کی مشاورت کو اہمیت دی جائے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا اور جملہ جدید ذرائع ابلاغ سے مدد لی جائے ۔

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق قائد عوامی تحریک کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن سیل قائم اور خواہش مند امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے فارم عوامی تحریک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے پارٹی دستور پر نظر ثانی کیلئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو 15 ستمبر سے قبل اپنی سفارشات تیار کرے گی ۔

کمیٹی دستور کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر سطح پر مشاورت کرے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی خصوصی ہدایت پرپارٹی کارکنان کیلئے پولیٹیکل نصاب تیار کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس پولیٹیکل نصاب میں سربراہ عوامی تحریک کے سیاسی فلسفہ، اہداف اور سیاسی جدوجہد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔ بنیادی انسانی حقوق سے متعلق آئین کے اہم آرٹیکلز کو پولیٹیکل نصاب کا حصہ بنایا جائیگا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی فکر اور تحریک پاکستان کا مختصر پس منظر بھی اس پولیٹیکل نصاب میں شامل ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں