پیشگی شرائط ناقابل قبول‘مودی حکومت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتی ہے:وزیردفاع

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 24 اگست 2015 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ءوزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کی جغرافیائی وسیاسی سرحدوں اور خودمختاری کا تحفظ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے منفی رویئے کا مقصد خطے کا امن تباہ کرنا ہے ،بھارت نے نئی دہلی میں شرو ع ہونے والے پاک بھارت مذاکرات اپنی انتہا پسند سوچ کے باعث سبوتاژ کردیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے جو مسائل کو حل کرنے کا بہترین طریقہ ہے، مذاکرات کیلئے بھارتی شرائط پاکستان کیلئے ناقابل قبول ہیں ۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کیلئے جارحانہ اقدامات کررہا ہے ،بھارتی فورسز صرف ہماری مسلح افواج کو مصروف رکھنے کیلئے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردوں کا کامیابی سے خاتمہ کرنے کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں