چینی انرجی کمپنی نے دریائے سندھ پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کر دی

تھری گارجز کارپوریشن کی وزارت پانی و بجلی سے 7 سے 8 توانائی منصوبوں کے جائزہ کیلئے بنیادی ڈیٹا فراہم کرنے کی درخواست حکومت کی توانائی منصوبوں کیلئے چینی کمپنی سے ہر طرح کاتعاون کریگی، دونوں ممالک کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، خواجہ محمد آصف

منگل 25 اگست 2015 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) چینی انرجی کمپنی تھری گارجز کارپوریشن نے دریائے سندھ پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے 7 سے 8 منصوبوں کے جائزہ کیلئے بنیادی ڈیٹا فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے توانائی منصوبوں کیلئے چینی کمپنی کو ہر طرح کی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔

منگل کو وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف سے چینی انرجی کمپنی تھری گارجز کارپوریشن کے وفد نے چیف ایگزیکٹو کن گاؤ بن کی قیادت میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران توانائی کے مختلف منصوبوں سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کو وفد کی طرف سے بتایا گیا کہ چینی کمپنی دریائے سندھ کے بالائی علاقوں پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے ۔

وفاقی وزیر نے دیامر بھاشا ، بھونجی ، تھاکوٹ اور ان جیسے دیگر منصوبوں کی طرح ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مذکورہ منصوبوں سے 35 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو سکے گی۔ چینی کمپنی کے وفد نے اپر انڈس پر 7 سے 8 ہائیڈرو پاور منصوبوں کے جائزہ کیلئے بنیادی ڈیٹا فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین واپڈا انہیں مکمل ڈیٹا فراہم کرینگے جبکہ وزارت پانی و بجلی اور وزارت خزانہ ان سے ہر طرح کا تعاون کرینگے ۔

وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں ہائیڈروپاور منصوبوں کی اہمیت بھی اجاگر کی ۔ انہوں نے کہاکہ پاک چینی اقتصادی راہداری دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ تعمیر ہو گی اس لئے توانائی کے میگا پراجیکٹس اس راہداری کی کامیابی اور نئی راہیں متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے ۔ وفاقی وزیر نے ملک میں انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے چینی کمپنیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں