اسلام آباد چیمبرمیں فائنل جیتنے والی پاکستان Under-13فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

منگل 25 اگست 2015 18:38

اسلام آباد چیمبرمیں فائنل جیتنے والی پاکستان Under-13فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان Under-13فٹبال ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جس نے 7سے 10اگست 2015کے دوران جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین یوتھ فٹبال فیسٹا کپ کا فائنل جیت کر ملک کیلئے عظیم کامیابی حاصل کی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آغا امجد اﷲ، راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی اور ایسو سی ایشن کے دیگر عہدیداران سمیت تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ پاکستان کی Under-13فٹبال ٹیم نے ایشین یوتھ فٹبال فیسٹا کا فائنل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اس ٹیم کی کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں دیگر کھیلوں سمیت فٹبال کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فٹبال کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ تعاون اور سہولیات فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فٹبال کے فروغ کیلئے مزید فنڈز مختص کرے اور ملک میں فٹبال کے زیادہ سے زیادہ سٹیڈیم تعمیر کرنے پر توجہ دے تا کہ پاکستان فٹبال کے میدان میں عالمی سطح پر اپنا ایک مقام بنا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس فٹبال کے فروغ کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم اختر نواز گنجیرا نے اپنے خطاب میں فائنل جیتنے والی Under-13فٹبال ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 25ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب منعقد کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور پاکستان سپورٹس بورڈ کا باہمی تعاون خطے میں کھیلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلٹ ایسوسی ایشن کی under-13فٹبال ٹیم کی ترقی کیلئے کی گئی کاوشوں کی بھی تعریف کی جس وجہ سے ٹیم نے فائنل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔

راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی نے under-13فٹبال ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت فٹبال کے فروغ پر زیادہ توجہ دے تا کہ مستقبل میں ہمارے کھلاڑی ملک کیلئے مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر، نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آغا امجد اﷲ سمیت دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر ان کو مبارک باد پیش کی۔

پاکستان ٖUnder-13ٖفٹبال ٹیم کے کپتان معیز اختر اور دیگر کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مقابلے میں چین، کوریا اور منگولیا جیسی مضبوط ٹیمیں تھیں جن کو بہتر تربیت و سہولیات حاصل تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ڈیڑھ دو ماہ کی ٹریننگ کر کے ان ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی اور کوئی بھی ٹیم پاکستان کے خلاف ایک گول بھی نہیں کر سکی۔ انہوں نے اعزازی تقریب منعقد کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کی کافی حوصلہ افزائی ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں