بزنس مین پینل کاشوال آپریشن پر جنرل راحیل، رفقاء کو بھرپور خراج تحسین

دہشت گردوں کی قیادت کا بھی صفایا کیا جائے ورنہ آپریشن ادھورا رہے گا رینجرز نے 23 ماہ میں کراچی کوروشنیوں کا شہر بنا دیا ہے، مافیا راج ختم ہو چکا،کراچی کی ترقی سے ملک بھر کی اقتصادی ترقی منسلک ہے، خرم سعید کا کاروباری برادری سے خطاب

منگل 25 اگست 2015 19:35

اسلام آباد،کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) ایف پی سی سی آئی کے بزنس مین پینل نے ضرب عضب کے شروع ہونے کے چودہ ماہ بعد شوال آپریشن شروع کرنے پر بری افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور انکے رفقاء کو بھرپور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروائی منطقی انجام تک پہنچنے کے بعد شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امن کے نئے دور کا آغا زہو گاجس کا اثر ملک بھر پر پڑے گا۔

شوال شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا آخری مضبوط گڑھ ہے جہاں کے گھنے جنگلات اور دشوار راستوں کی وجہ سے یہ آپریشن کا سب سے مشکل مرحلہ ثابت ہو گا ۔پاک فوج دہشت گردوں کے افغانستان فرار کا راستہ روکنے کے علاوہ انکی قیادت کا بھی صفایا کرے ورنہ آپریشن ادھورا رہے گا۔پوری قوم کی دعائیں جنرل راحیل اور فوج کے ساتھ ہیں جو ہمارے مستقبل کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بزنس مین پینل کے مرکزی رہنما اورایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدرخرم سعیدنے کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تئیس ماہ سے جاری رینجرز کے آپریشن سے عوام اور کاروباری برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے جس سے ہر قسم کے جرائم بشمول بھتہ خوری، پرچی مفیا، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت گری وغیرہ میں کمی آئی ہے تاہم سٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کو زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

رینجرز کی وجہ سے جرائم میں زبردست کمی آئی ہے جس سے کاروباری برادی کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اسلئے ماند پڑتی کاروباری سرگرمیاں اب دوبارہ زورپکڑرہی ہیں۔اگر اس فعال اور غیر سیاسی ادارے کی حوصلہ افزائی کی گئی تو کراچی آپریشن کا دوسرا مرحلہ بھی کامیاب ہو گا اور کراچی پاکستان کا سب سے پرامن شہر بن جائے گا۔انھوں نے رینجرز کی جانب سے پکڑے گئے ملزموں کی ناقص تفتیش کے سبب رہائی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یا تو تفتیشی نظام بہتر بنایا جائے یا یہ کام بھی رینجرز کے حوالے کیا جائے۔

خرم سعید نے رینجرز کے سربراہ جنرل بلال اکبر اور انکی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگلے دو سال تک رینجرز کو کراچی میں رکھا جائے اور اسے اضافی اختیارات دئیے جائیں تاکہ کراچی کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنے کی سازشیں کامیاب نہ ہو سکیں اور ملک بھر کی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ `

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں