الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر

بدھ 26 اگست 2015 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) تحریک انصاف کے لائر ونگ کے رہنما گوہر نواز سندھو نے انتخابات 2013 میں مبینہ طور پر دھاندلی میں ملوث الیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا ہے ۔ ریفرنس آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر کیا گیا ہے جس میں ارکان کو فریق بناتے ہوئے ان کو عہدوں سے فارغ کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

بدھ کو سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل ( رجسٹرار سپریم کورٹ) طاہر شہباز کے پاس ریفرنس دائر کرتے ہوئے اضافی دستاویزات بھی جمع کرائی ہیں ۔ ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عام انتخابات 2013 میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ۔ جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان ملوث ہیں جبکہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے سابق چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی جوڈیشل کمیشن نے بھی انتخابی بے ضابطگیوں کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو قرار دیا ہے یہاں تک کہ ان ممبران کا تقرر کرنے والے قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے بھی قوم سے معافی مانگی ہے ۔

(جاری ہے)

اس لئے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا جائے ریفرنس میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ریفرنس کی جلد سے جلد سماعت کر کے ملک میں پیدا شدہ غیر یقینی صورت حال کا خاتمہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں