پیپلزپارٹی نے بھی تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کے استعفوں بارے مطالبہ کی حمایت کردی

معاملہ کا قانونی حل نکالا جا سکتاہے، ملک احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں، سید خورشید شاہ

بدھ 26 اگست 2015 16:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کے استعفوں کے بارے میں مطالبہ کی حمایت کردی ہے اور اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ اس معاملہ کا قانونی حل نکالا جا سکتاہے، ملک اس وقت احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمو دقریشی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ میں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے یہ ارکان متنازعہ ہوچکے ہیں جب نگران وزراء اعلیٰ چلے گئے تو انہیں بھی چلاجانا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے بھی صاف بات کر دی ہے کہ انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اب ان کا اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں،میں نے ان ارکان کو لانے پر قوم سے معافی مانگی ہے لیکن انہیں ارکان بناتے وقت اُس وقت کے اپوزیشن لیڈربھی میرے ساتھ تھے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان نے اجلاس کے منٹس پی ٹی آئی کو بھیج دیئے حالانکہ انہیں عمران خان کے خط کا پیراوائز جواب دینا چاہئے تھا، تاہم ہمارے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ ہماری جماعت کرے گی اگر وہ کہے گی تو پھر ہم دیگر جماعتوں سے بھی اس معاملہ پر بات کریں گے۔

ایاز صادق کے بارے میں سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے ان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق قابل احترام ہیں، وہ استعفوں یا پارلیمنٹ کی قرار داد سے پی ٹی آئی والوں سے جان چھڑا سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا میں اس پر ان کی تعریف کرتاہوں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھی تحریک انصاف کی طرح دھرنا دیں گے تو خورشید شاہ نے کہا کہ یہ وقت دھرنوں کا نہیں ہے، ہمیں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا،پی پی پی ایک نظام کے لئے 48سال سے لڑ رہی ہے اور ہم سے زیادہ احتجاجی سیاست کسی نے نہیں کی، ہم آمروں کے خلاف لڑے ہیں لیکن پی پی پی پاکستان کو بچانے کی سیاست کرتی ہے۔

ہمارے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اپنی بیرو ن ملک تقریروں میں کہا تھا کہ میں قوم کی نمائندگی کرنے آیا ہوں، ہم ہزار وں سال جنگ لڑ سکتے ہیں لیکن اپنا ملک کسی کے سامنے پیش نہیں کر سکتے،پیپلزپارٹی مزدوروں او رکسانوں کی جنگ لڑتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ہمسایہ ملکوں کی طرف سے پاکستان پر فائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے، کنٹرول لائن پر خلاف ورزیاں جاری ہیں اس پر حکومت کو اقوام متحدہ سے رجوع کرنا چاہئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں