ستمبر کے آخر تک ہفتے میں دو بار اسلام آباد سے باکو تک براہ راست پروازوں کا اجراء کرنے کا پروگرام ہے، ترکش ایئر لائنز

جمعرات 27 اگست 2015 18:27

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) ترکش ایئر لائنز کے جنرل منیجر یونس میرت نے کہا ہے کہ ترکش ایئر لائنز اس سال ستمبر کے آخر تک ہفتے میں دو بار اسلام آباد سے باکو تک براہ راست پروازوں کا اجراء کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے، اس مقصد کے لئے تمام ضروری تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکش ایئرلائنز نے پہلے ہی اسلام آباد اور لاہور کے لئے روزانہ پروازوں کا اجرا کر دیا ہے اور اب یہ ہفتے میں دو بار اسلام آباد اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے درمیان پروازیں شروع کر نے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تا کہ پاکستان کو مشرق وسطی کے ساتھ براہ راست فضائی رابطے کے ذریعے منسلک کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترکی کی ایرلائنز کی یہ کوششیں پاکستانی عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی طرف اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی سے روزانہ کی بنیادکراچی، اسلام آباد اور لاہور تک پروازیں شروع کرنے سے پاکستانی عوام کو ترکش ایئر لائنز کے ذریعے مناسب کرایہ پردنیاکے 180 شہروں کی طرف سفر کرنے کا موقع فراہم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015ء کے سکائی ٹریکس سروے کے مطابق ترکش ایئرلائنز کو مسلسل پانچویں مرتبہ یورپ کی بہترین اور مسلسل ساتویں مرتبہ جنوبی یورپ کی بہترین ایئرلائنز قرار دیا گیا ہے جو اس کی عمدہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکش ایئرلائنز نے عالمی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری سمجھوتے کر رکھے ہیں اور وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو بھی معیاری اور مناسب کرایہ والی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے چیمبر کے ساتھ باہمی تعاون کا سمجھوتہ کرنا چاہتی ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ہفتے میں دو بار اسلا م آباد سے باکو تک پروازیں شروع کرنے کے ترکش ایئر لائنز کے پروگرام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسلام آباد اور باکو کے مابین براہ راست فضائی رابطہ قائم ہونے سے پاکستا ن کی آذر بائیجان اور مشرق وسطی کے ساتھ تجارت و برآمدات میں کافی بہتری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکش ایئرلائنز کو چائیے کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو خصوصی رعائیتی پیکج فراہم کرے جس سے انہیں دنیا کے مختلف ممالک کا سفر کر کے تجارتی مواقعوں کو تلاش کرنے میں سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کے لئے روزانہ پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مضبوط ہوں گے اور باہمی تجارت میں بھی مذید بہتری آئے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدرمحمد شکیل منیر اور میاں وقاص مسعود نے بھی پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کو مزید بہتر کرنے اور دونوں اداروں کے درمیان منافع بخش تعلقات کو قائم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں