عوام کو بہتر آمدورفت کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مرتضی جاوید عباسی

جمعرات 27 اگست 2015 18:30

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر آمدورفت کی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے حالیہ بجٹ میں خطیر فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد اور حویلیاں کے معززین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے ذرائع آمدورفت کا بہتر ہونا کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور موجودہ وفاقی حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لئے شاہرات کی تعمیر و ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہزارہ ڈویژن میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہزارہ ڈویژن کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اور اربوں روپے کی لاگت سے ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے، خانپور سے ہری پور روڈ کی تعمیر اور موجودہ ہائی وے کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ہزارہ ڈویژن میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ قائم مقام اسپیکر نے معززین علاقہ کی نشاندہی پر چیئرمین این ایچ اے کو حسن ابدال کے قریب ایبٹ آباد ہائی وے پر قائم شاہیا پل کی اپ گریڈیشن اور مرمت کے کام کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وفد کے شرکاء نے ہزارہ ڈویژن کی ترقی خصوصاً ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کے منصوبے کے لئے قائم مقام اسپیکر کی کاوشوں کو سراہا۔

معززین نے وفاقی حکومت کی طرف سے حسن ابدال سے ایبٹ آباد تک ہائی وے پر تعمیر شدہ پلوں کی اپ گریڈیشن اور ہائی وے کی کشادگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہائی وے کی اپ گریڈیشن سے ہزارہ کی عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئی ہیں تاہم انہوں نے قائم مقام اسپیکر کو آگاہ کیا کہ ہائی وے پر موجود شاہیا پل کی حالت انتہائی مخدوش ہے اور کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے جس میں انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی خطرہ ہے۔ وفد کے شرکاء نے موجودہ وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں