طارق فاطمی سے چینی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ سکیورٹی امور کی ملاقات

جمعہ 28 اگست 2015 12:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) پاکستان اور چین نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ چین نے دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور کردار کو سراہا ہے-دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے چینی وزارت خارجہ امور کے ڈائریکٹر جنرل محکمہ خارجہ سکیورٹی امور لیوگوان گیان نے جمعہ کو دفتر خارجہ میں ملاقات کی-چینی عہدیدار کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی تاریخی برادرانہ نوعیت کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا-انہوں نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے غیر متزلزل حکومتی عزم کا اعادہ کیا -انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کے بارے میں بھی بتایا-طارق فاطمی نے چینی مہمان کو عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی غیر معمولی کامیابیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی-چینی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ سکیورٹی امور نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے دی جا رہی قربانیوں اور اہم کردار کو سراہا-انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں