سی ڈی اے کا مارگلہ ایونیو کو مری ایکسپریس کے ساتھ ملانے کا منصوبہ

جمعہ 28 اگست 2015 15:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے مارگلہ ایونیو کو مری ایکسپریس کے ساتھ ملانے کا منصوبہ بنا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مارگلہ کی پہاڑیوں پر عرصے سے منتظر روڈ پروجیکٹ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے بجائے شہر کے منتظمین مارگلہ ایونیو کو مری ایکسپریس کے ساتھ ملانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

مارگلہ ایونیو پروجیکٹ شیڈول سے دو سال پیچھے رہا کیونکہ اسے 2012ء میں شروع کیا گیا تھا اور اسے جون 2013ء میں مکمل ہونا تھا۔ اب تک اس پروجیکٹ پر لگ بھگ آدھا کام ہو چکا ہے۔ ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے شاہد سہیل کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ کو کئی وجوہات کی بناء پر تاخیر کا سامنا ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں شاہ اللہ دتہ کے قریب قدیم قبرستان کی موجودگی بھی ہے جس کی وجہ سے کام رک چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پروجیکٹ کے کنٹریکٹر نے سی ڈی اے کے خلاف بھی درخواست دے دی تاکہ تاخیر کی وجہ سے اسے زر تلافی دی جا سکے۔ سی ڈی اے کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی پلاننگ کرتے ہوئے افسران کو قبرستان کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے تھا۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ انہوں نے علاقے کا دورہ کئے بغیر ہی پروجیکٹ کی پلاننگ کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس گزشتہ دنوں چیئرمین معروف افضل کی صدارت میں ہوا انہوں نے پروجیکٹ کو کانسٹیٹیوشن ایونیو سے لے کر مری ایکسپریس وے تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا جو سترہ میل سے شروع ہوتا ہے۔

اجلاس میں بورڈ نے پلاننگ اور ڈیزائننگ کے لئے مشاورتی خدمات لینے کی منظوری دی۔ دریں اثناء سی ڈی اے کے ترجمان رمضان ساجد کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ نے مختصر ممکن وقت میں سارے پروجیکٹ کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جی ٹی روڈ سے شاہراہ دستور تک ہونے والے جاری کام کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے مرحلے میں ہم شاہراہ دستور سے مری ایکسپریس تک کو شروع کرینگے۔ بورڈ نے بلیو ایریا توسیع منصوبے میں نئی تجارتی عمارتیں بنانے کے لئے یکساں قواعد و ضوابط کی بھی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں