قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پورٹس اینڈ شپنگ کی میرین اکیڈمی کراچی کیلئے مختص فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت

وزارت خزانہ نے گزشتہ مالی سال کے دوران فنڈز کیوں جاری نہیں کئے‘اس حوالے سے انکوائری کر کے ذمہ داران کی نشاندہی کی جائے ،کمیٹی کی ہدایت

جمعہ 28 اگست 2015 18:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پورٹس اینڈ شپنگ نے میرین اکیڈمی کراچی کیلئے مختص فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خزانہ نے گزشتہ مالی سال کے دوران فنڈز کیوں جاری نہیں کئے‘اس حوالے سے انکوائری کر کے ذمہ داران کی نشاندہی کی جائے ‘ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین عارف الہٰی نے کہاکہ پی ایس او کے ذمہ 28 کروڑ کے واجبات ہیں جبکہ اس کے علاوہ ایک ارب 73 کروڑ روپے سے زائد ہرجانہ بھی ادا کرنا ہے۔

جمعہ کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پورٹس اینڈ شپنگ کا اجلاس چیئرمین غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہا?س میں منعقد ہوا جس میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین عارف الہٰی نے کمیٹی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیشنل شپنگ کارپوریشن کا قیام کا مقصد پاکستان میں بحری ٹرانسپورٹیشن کی سستی اور بہتر سہولیات فراہم کرنا تھا جبکہ نیشنل شپنگ کارپوریشن دنیا بھر سے ہر قسم کا کارگو اٹھاتی ہے جس میں تیل اور دوسرا بلک کارگو شامل ہے۔

میرین اکیڈمی بارے ارکان کے سوالوں پر ان کا کہنا تھا کہ میرین اکیڈمی کراچی کیلئے گزشتہ مالی سال کے فنڈز وزارت خزانہ سے جاری نہ ہونے کی وجہ سے واپس ہو گئے تھے جس پر قائمہ کمیٹی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ بجٹ میں میرین اکیڈمی کراچی کیلئے مختص شدہ فنڈز فوری طور پر جاری کئے جائیں او راس حوالے سے انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران میرین اکیڈمی کیلئے مختص شدہ فنڈز کیوں واپس ہوئے تھے۔

نیز عارف الہٰی نے کہاکہ پی ایس او کے ذمہ نیشنل شپنگ کارپوریشن کے 28 کروڑ 3 لاکھ 96 ہزار روپے کے واجبات ہیں جو کہ واجب الادا ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایس او نے ایک ارب 73 کروڑ 36 لاکھ 35 ہزار 650 روپے ہرجانہ بھی ادا کرنا ہے۔ جس پر قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مذکورہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے خصوصی اجلاس بلایا جائے جس میں ایم ڈی پی ایس او ‘ وزارت پٹرولیم اور وزارت تجارت کے حکام کو بھی طلب کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں