وزیراعظم کی این ایچ اے کو تمام جاری منصوبے دسمبر 2017ء تک مکمل کرنے کی ہدایت

ڈھانچہ جاتی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کراچی اور گوادر تک کے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی،نواز شریف این ایچ اے مشرق وسطیٰ تک پاکستان کے شاہراتی ڈھانچے کو وسعت دینے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرے اور پھر اسے جنوبی ایشیا تک توسیع دی جائے،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 29 اگست 2015 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے این ایچ اے کو تمام جاری منصوبے دسمبر 2017ء تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کراچی اور گوادر تک کے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، این ایچ اے مشرق وسطیٰ تک پاکستان کے شاہراتی ڈھانچے کو وسعت دینے کیلئے جامع منصوبہ تیار کرے اور پھر اسے جنوبی ایشیا تک توسیع دی جائے۔

ہفتہ کو وزیراعظم محمد نوازکی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں این ایچ اے کی جانب سے این ایچ اے روڈ پورٹ فولیو پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا ستمبر 2015ء کے آخر تک اس ان منصوبوں کے تحت ایک ارب ڈالر کی نجی شعبہ سے سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا اور مجموعی طور پر مواصلاتی نیٹ ورک کی تعمیر کی سرگرمی کا جی ڈی پی میں ایک فیصد سے 1.5 فیصد تک حصہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مجوزہ اور زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل سے حالیہ موٹروے نیٹ ورک میں 1272 کلومیٹر کا اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے بشمول پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے تمام صوبوں میں پھیلے ہوں گے اور پورے ملک کو ان سے فائدہ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ تمام منصوبے دسمبر 2017ء سے قبل مکمل کرے اورجن منصوبوں کی اس سے قبل تکمیل ہونی ہے انہیں شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا جائے جس میں پاکستان کے سڑکوں کے ڈھانچے کو پہلے مرحلہ میں مشرق وسطیٰ سے ملایا جائے جبکہ بعد ازاں اسے جنوبی ایشیاء تک وسعت دی جائے۔ وزیراعظم نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ ایسے علاقے جو قبل ازیں ہائی وے اور موٹروے نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک نہ ہوں ان علاقوں میں شاہراہوں کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کرے اورشاہراہوں کی تعمیر میں عالمی معیار کو برقرار رکھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں