پاکستان اور امریکہ کا دہشت گردی کے خاتمہ،دفاع،معیشت ،توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان امریکہ تعلقات دونوں ممالک ، علاقے اور دنیا کیلئے مفاد میں ہیں،نواز شریف دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کوخراج تحسین امریکہ پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا،سوسن رائس کی یقین دہانی

اتوار 30 اگست 2015 12:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) پاکستان اور امریکہ نے دہشت گردی کے خاتمہ،دفاع،معیشت ،توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کیساتھ تعلقات و بڑی اہمیت دیتا ہے یہ تعلقات دونوں ممالک ، علاقے اور دنیا کیلئے بہت اہم ہیں جبکہ پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی امریکی قومی سلامتی مشیر ڈاکٹر سوسن رائس نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ پاکستان سے تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

اتوار کو یہاں دونوں رہنماوٴں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری ہونیوالے بیان کے مطابق امریکی قومی سلامتی مشیر ڈاکٹر سوسن رائس نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیاء امور ڈاکٹر پیٹر لوائے اور پاکستانن میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی ان کے ہمراہ تھے ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان امریکہ تعلقات کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقے کی صورتحال بھی زیر غور آئی، وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ تمام منصوبوں خاص طور پر معیشت، دفاع اور انسداد دہشت گردی میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کیساتھ تعلقات و بڑی اہمیت دیتا ہے یہ تعلقات دونوں ممالک ، علاقے اور دنیا کیلئے بہت اہم ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ وہ اکتوبر میں امریکہ کے دورے کے منتظر ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا موقع ملے گا ۔ ڈاکٹر رائس نے مضبوط پاکستان امریکہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور پر دفاع، معیشت اور توانائی میں تعاون مثبت سمت میں بڑھ رہا ہے۔

ڈاکٹر رائس نے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے دوران دی جانیوالی قربانیوں اور اب تک حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو بھی سراہا، انہوں نے پرامن ہمسائیگی تعلقات کے بارے میں وزیراعظم کی سوچ کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں