امریکہ توانائی‘ دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے‘ یہ شراکت داری پوری دنیا کے مفاد میں ہے‘ اکتوبر میں دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام ملے گا

وزیراعظم نواز شریف کی امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس سے ملاقات میں گفتگو نوازشریف کا پرامن ہمسائیگی کا ویژن قابل قدر ہے ، امریکی قومی سلامتی کی مشیر کی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات اورکامیابیوں کی تعریف ، وزیراعظم او ر ڈاکٹر رائس کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری

اتوار 30 اگست 2015 12:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ توانائی‘ دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے‘ پاک امریکہ شراکت داری دونوں ممالک اور خطے سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے‘ اکتوبر میں امریکہ کا دورہ کرونگا اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔

وہ اتوار کو امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم اور سوزن رائس کے درمیان ہونے والی ملاقات کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات‘ باہمی دلچسپی ‘ پاک امریکہ تعلقات پر غور کیا گیا جبکہ خطے کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ملاقات کے موقع پر سوزن رائس کے ہمراہ جنوبی ایشیائی امور سے متعلق سینئر امریکی ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر لیوئے اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ امریکہ تمام شعبوں خصوصاً معیشت‘ دفاع اور انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو شراکت داری کے طور پر دیکھتا ہے جو نہ صرف دونوں ممالک اور خطے بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ رواں سال اکتوبر میں اپنے دورہ امریکہ کے منتظر ہیں اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔

اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈاکٹر رائس نے پاک امریکہ مستحکم تعلقات کی ا ہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع‘ معیشت اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مثبت سمت بڑھ رہا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کی مشیر نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوششوں اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے پرامن ہمسائیگی کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ سوچ قابل قدر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں