عبدالغفور حیدری نے بے جا بیان بازی پر پارٹی ترجمان جان محمد اچکزئی کو عہدے سے ہٹادیا ، ایک ماہ کے اندر پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن کو پیش ہو کر جواب دینے کی ہدایت

اتوار 30 اگست 2015 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینٹ و جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے پارٹی کے پلیٹ فارم سے بے جا بیان بازی پر پارٹی ترجمان جان محمد اچکزئی کو ان کے عہدے سے ہٹادیا اور ایک ماہ کے اندر پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن کو پیش ہو کر جواب دینے کی ہدایت کر دی۔ جان محمداچکزئی نے ایک ٹی وی پروگرام میں بیان دیا تھا کہ عمران خان مولانا فضل الرحمن کیخلاف غلیظ زبان کا استعمال بند کریں اگر نہ کیا تو ان پر خودکش اور قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے‘ ہم اپنے کارکنوں کو نہیں روک سکتے۔

اتوار کو جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری کی جانب سے جان محمد اچکزئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں ان سے اس بیان کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں آپ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے بارے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے غلیظ زبان کا استعمال جاری رکھا تو اس پر خودکش حملہ ہو سکتا ہے ہم اپنے کارکنوں کو نہیں روک سکتے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کا نہ تو کوئی عسکری ونگ ہے اور نہ ہی ہم نے خودکش حملہ آور پال رکھے ہیں۔ یہ آپ کا ذاتی موقف ہو سکتا ہے لیکن جماعت کی پالیسی نہیں ۔ اس متنازعہ بیان پر آپ کو جماعتی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا جاتا ہے۔ شوکاز نوٹس میں یہ بھی کہا گیاہے کہ اس سے قبل بھی متنازعہ بیان پر آپ کو ہدایت کی گئی تھی کہ بیان دینے سے قبل پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن ‘ جنرل سیکرٹری عبدالغفور حیدری سے رابطہ کریں آپ کے بیانات سے جماعتی صفوں میں تحفظات پیدا ہو گئے تھے لیکن آپ نے اس پر کوئی توجہ نہیں فرمائی۔ آئندہ آپ میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی کے مجاز نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں