اسلام آباد : جیل جانے کا خوف ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 ستمبر 2015 13:08

اسلام آباد :  جیل جانے کا خوف ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہو گئے

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. یکم ستمبر 2015 ء) : جیل جانے کے خوف نے سابق وزیر اعظم کے مشیر کو رقم واپسی پر مجبور کر دیا. تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے میڈیا ایڈوائزر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ وہ ایل پی جی کوٹے میں ہونی والی مبینہ بے ضابطگیوں سے حاصل کی جانے والی رقم واپس کرنے کے لئے تیار ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ میں شامل جسٹس شوکت عزیز اور جسٹس اطہر من اللہ نے میاں خرم رسول کی پٹیشن کی سماعت کی، جو انہوں نے اپنے وکیل امجد اقبال قریشی کے ذریعے دائر کی تھی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل ادائیگی کے شیڈول پیش کرنے کے لئے تیار ہیں لہٰذا اس مقدمے میں ضمانت دی جائے۔عدالت نے میاں خرم رسول کے وکیل کو رقم کی واپسی کا شیڈول دو ہفتوں کے اندر عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)


واضح رہے کہ سال 2012ء میں نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے میڈیا ایڈوائزر میاں خرم رسول، جو کہ ٹرو کانسپٹ پارٹنرشپ اینڈ پیراماؤنٹ رینبو کمپنی کے مالک بھی ہیں، کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا تھا۔ان پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے دیگر دو افراد کے ساتھ مل کر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور پاک عرب ریفائنری کمپنی کے ساتھ چینی اور اسکریپ کے کام کا غلط تاثر دیا تھا۔

افغان کارپٹس نے میاں خرم رسول پر 63 کروڑ روپے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ رقم کمپنی کو ایل پی جی کوٹہ دلوانے کے لیے بطور رشوت لی تھی جبکہ میاں خرم رسول کے وکیل کا دعویٰ ہے کہ یہ رقم 12 کروڑ روپے سے زائد نہیں ہے۔جبکہ نیب کی انویسٹی گیشن رپورٹ کے مطابق ملزم نے اپنے بھائی کی مدد سے لوگوں سے 38 کروڑ روپے کی رقم حاصل کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں