دعوۃ اکیڈمی کے زیر اہتمام 25 واں اسلامی تربیتی پروگرامز اختتام پزیر

پاکستانی طلباء سمیت تھائی لینڈ، افغانستان اور انڈونیشیا کے طلباء کی شرکت

منگل 1 ستمبر 2015 17:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے دعوۃ اکیڈمی کے زیر اہتمام 25 واں اسلامی تربیتی پروگرامز فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہو گیا جس میں جامعہ کی نو کلیات کے40 طلباء نے شرکت کی جبکہ ان طلباء میں تھائی لینڈ، افغانستان اور انڈونیشیا کے طلباء بھی شامل دعوہ اکیڈمی کے سیمینار ہال میں منعقدہ اس سات روزہ کورس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر جامعہ ڈاکٹر محمد یوسف الدریویش تھے۔

انہوں نے صدارتی خطبے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجا ہو جائیں ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تشدد اور غلو جیسے رجحانات سے خود کو دور رکھیں اور نصیحت کی کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگیوں کو اسلام کے پیغام امن کو عام کرنے کے لیے وقف کر دیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الدریویش کا کہنا تھا کہ عصری صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں میں اسلامی تعلیمات کے اطلاق کو لازم بنائیں ۔ اپنے خطاب میں صدر جامعہ نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ کے نوجوان اذہان کی تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کرتی رہے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل حسن نے کہا کہ دعوہ اکیڈمی گزشتہ تین عشروں سے اسلام کا پیغام عام کرنے اور معاشرے کے اہم افراد کی تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کرنے کے عظیم مقصد میں مصروف عمل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی مستقبل میں بھی ایسے تعمیری پروگراموں کا انعقاد کرتی رہے گی ۔ تقریب میں کورس کے شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے اظہار خیال میں کلیہ زبان و ادب کے طالب علم عطا الرحمن نے کورس کو زندگی کا قیمتی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورس نے ہم پر عیاں کیا کہ اسلامی نظریہ حیات ہی وہ کنجی ہے جو ہمارے لیے ترقی و فلاح کے دروازے کھول سکتی ہے اور ہم اس پروگرام کے انعقاد پر جامعہ منتظمین کے مشکور ہیں۔

قبل ازیں تفصیلی رپورٹ میں کورس کے رابطہ کاراحسان مالک نے بتایا کہ تفریحی مقامات کی سیر، بحث و مباحثہ کی نشستیں اور اہم موضوعات پر لیکچر کا اہتمام کیا گیاجن میں افغانستان ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا سمیت پاکستانی طلباء شریک تھے۔ پروگرام کے آخر میں صدر جامعہ نے شرکاء میں فیکلٹی کورس کی اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں