اسلام آباد ہائی کورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف درخواست دائر

ایم کیو ایم کو غیر ملکی فنڈز سے چلنے والی سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

منگل 1 ستمبر 2015 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے،مظہر اقبال نامی شہری نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے امریکی شہر دلاس میں اپنے ٹیلی فونک خطاب میں پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی،جس میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی آرہی ہے اور کہا کہ گریٹر پختونستان اور گریٹر بلوچستان قائم کیا جائے گا،جب کہ گریٹر پنجاب کا ہیڈکوارٹر کراچی ہوگا۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل17میں دی گئی ریاست فرائض کو تندہی سے ادا کرے اور ایم کیو ایم کو غیر ملکی فنڈز سے چلنے والی سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کرے۔ایم کیو ایم پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کام کر رہی ہے اور دہشتگردی میں ملوث ہے،لہٰذا عدالت اس پر پابندی عائد کرے۔درخواست میں ایم کیو ایم،الطاف حسین اور دفتر خارجہ اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں