سپریم کورٹ، پی ایم ڈی سی کے ڈاکٹرسہیل کریم کوجبری ریٹائرمنٹ پربھیجنے کے حوالے سے مقدمہ میں شوکازنوٹس میں لگائے گئے الزامات کا جواب دینے کی ہدایت

منگل 1 ستمبر 2015 21:18

اسلام آباد ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے پی ایم ڈی سی کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری اوررجسٹرارڈاکٹرسہیل کریم کوجبری ریٹائرمنٹ پربھیجنے کے حوالے سے مقدمہ میں درخواست گزارکوکیس کی تیاری کرکے شوکازنوٹس میں لگائے گئے الزامات کے واضح جوابات دینے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

منگل کوچیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد اورجسٹس فائزعیسٰی پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پردرخواست گزاراپنے وکیل شعیب شاہین کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اپنایاکہ 2007 ء میں ان کوشوکازنوٹس جاری کرکے مختلف الزامات لگائے گئے تھے بعد میں انکوائری کیلئے ایک کمیشن بنایاگیاتھا، انکوائری کے دوران میں نے کمیشن کو حقائق سے آگا ہ کرنے کے ساتھ تحریری جواب بھی دیا لیکن اس کے باوجود مجھے عہدے سے ہٹایاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس فیصلے کیخلاف میں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں سے میری درخواست مسترد ہوئی تو میں نے سپریم کور ٹ سے رجوع کیا جس نے مجھے 2009 ء میں بحال کیا۔ انہوں نے بتایاکہ بحالی کے بعد میں نے ایڈیشنل سیکرٹری کی ڈیوٹی کے ساتھ رجسٹرارکی ذمہ داری بھی اداکی لیکن بعدازاں دوبارہ ہٹاکرجبری ریٹائرمنٹ پربھیج دیاگیا۔ جسٹس فائزعیسٰی نے کہاکہ شوکازنوٹس میں ان پر جوالزامات لگائے گئے ہیں اس کاجواب ہی نہیں دیاگیا، آپ نے صرف ٹیکنیکل ایشواٹھائے ہیں۔

جسٹس دوست محمد نے کہاکہ عدالت کے حکم پرپی ایم ڈی سی کی پوری کونسل معطل کردی گئی ہے، بتایاجائے کہ کون ادارے کی دیکھ بال کررہاہے۔ چیف جسٹس کاکہناتھاکہ اس اہم ترین ادارے میں حالات بہت دگرگوں ہوگئے تھے جس کی وجہ سے لائسنسوں کے اجراء سمیت مختلف مسائل پیداہوئے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح اندازمیں لگائے گئے الزامات کاجواب دینے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں