ملک دشمن لابی ملک میں جمہوری نظام ناکام بنانا چاہتی ہے، ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا، سول ملٹری تعلقات میں مکمل ہم آہنگی ہے، نائن الیون کے بعد پاکستان دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا، کراچی آپریشن تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے، سیاستدان پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کر سکتے ہیں،70فیصد پاکستانی مطمئن ہیں، اگلا سال بہتر ہو گا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 1 ستمبر 2015 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک دشمن لابی چاہتی ہے ملک میں جمہوری نظام ناکام ہو، ہم نے ماضی میں غلطیاں کیں اور ان سے سبق سیکھا، سول ملٹری تعلقات میں جتنی اب ہم آہنگی ہے پہلے کبھی نہ تھی، نائن الیون کے بعد پاکستان دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا، کراچی آپریشن تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے، سیاستدان پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کر سکتے ہیں،70فیصد پاکستانی مطمئن ہیں، اگلا سال بہتر ہو گا۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا اور ہمیں ورثے میں ایسا جال ملا جس سے لگتا تھا کہ ہم حل نہیں کر سکیں گے ملک میں دہشت گردی عام تھی، روز دھماکے ہوتے تھے جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی تھیں لیکن ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کر کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن شروع کیا، اب ملک کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال اور قبائلی علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اب سیاسی ادارے مضبوط ہیں اور اپنی جگہ پر قائم ہیں، سول ملٹری تعلقات میں جتنی ہم آہنگی اب ہے اتنی پہلے کبھی نہ تھی، سیاستدانوں نے ماضی میں کیں اور ان سے سبق سیکھا، اب ایک لابی چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوری نظام ناکام ہو، دہشت گردی کے خلاف اداروں کی مشترکہ قومی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کر سکتے ہیں، ان کے پاس اختیار ہے، اکیسویں ترمیم کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ مکمل نہ ہوتی، اب 70فیصد پاکستانی مطمئن ہیں، اگلا سال بہتر ہو گا، اگر آپس میں دست گریبان ہوں گے تو انتشار پھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سیاستدانوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کسی کو نہیں کرناپڑتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں