قوم میں آج بھی وطن عزیز کے دفاع کا جذبہ پوری قوت سے زندہ ہے،محدود جنگ میں بھارت کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا

پاک فوج کے سابق افسران کا ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

بدھ 2 ستمبر 2015 13:39

اسلام آباد ۔ 2 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) نصف صدی قبل مادر وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کے دانت کھٹے کردینے والے پاک فوج کے افسران نے کہا ہے کہ قوم میں آج بھی وطن عزیز کے دفاع کا جذبہ پوری قوت سے زندہ ہے ، ہمیں اپنی صفوں میں موجود دشمن کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی وی کی یوم دفاع کے حوالہ سے جاری خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگوکرتے ہوئے کرنل(ر) مختاراحمد کا کہنا تھا کہ6 ستمبر1965ء کی جنگ کو یاد کرکے ہمارا سر آج بھی فخر سے بلند ہوجاتا ہے کیونکہ ہم نے مل کر اپنے دشمن کا مقابلہ کیا اور قوم کی طرف سے اتحاد و یکجہتی کے شاندار مظاہرے کے باعث ہمیں اتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ1965ء کی جنگ میں عوام کا جذبہ دیدنی تھا اور لوگوں نے افواج پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنا سب کچھ فوج پر نچھاور کیا اورخون کے عطیات کی اپیل پر لوگوں کے جم غفیر امڈ آئے ۔

(جاری ہے)

آج بھی جب ہماری قوم پر کوئی مصیبت کی گھڑی آتی ہے تو یہ قوم اسی طرح سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔ پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے ایئرکموڈور جمال حسین کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوت کے حامل ہیں اور اب ہمارے درمیان جنگ کے امکانات بہت کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پھربھی اگربھارت کی جانب سے ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اورمحدود جنگ میں بھارت کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں ہمارے پائلٹ صرف تربیت یافتہ تھے اور انہیں جنگ کا کوئی تجربہ نہیں تھا مگر اس کے باوجود ہم نے لازوال قربانیوں کی داستان رقم کردی اور ہمارے پائلٹس نے جنگ کے دوران دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کی ایک مثال ہمارے ہیرو ایم ایم عالم تھے جنہوں نے تین منٹ کے اندر دشمن کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کردیئے تھے اوروہ تاریخ رقم کی جس کا دہرایا جانا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں جہاں پاک فوج نے جوانمردی کے جوہر دکھائے ہیں وہاں اس قوم کے شاعروں اور گلوکاروں کا کردار بھی ناقابل فراموش تھا جن کے لکھے ہوئے ترانے اور ملی نغموں نے قوم کے جذبات کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کے حالات کے لئے تیار ہیں اورہمیں صرف قوم کی مدد اوراندرونی اتحاد درکار ہے کیونکہ کسی بھی جنگ کو جیتنے کیلئے قوم کا متحد ہونا بہت ضروری ہے۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگااور بیرونی امداد پر انحصار کرنے کی بجائے ہمیں اپنے پاؤں پرکھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو قائداعظم کے قول ، ایمان، اتحاد اور تنظیم کو لے کر آگے چلنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں