بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی بند کرے ‘خطے کی سلامتی کیلئے منفی نتائج برآمد ہونگے

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کی بھارت کو تنبیہ

بدھ 2 ستمبر 2015 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے بھارت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی بند کرے ورنہ اس کے خطے کی سلامتی کے لیے بڑے منفی نتائج برآمد ہوں گے ۔ وہ بدھ کو مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر کے اعزازمیں دیے گئے عشائے میں سیاسی رہنماؤں اور عمائدین سے خطاب کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بھی پاکستانی اور کشمیری عوام بھارتی جارحیت کے خلاف 1965ء والے جذبے کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ وفاقی وزیر نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہید ہوئے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی 18کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے ایل او سی پر رہائش پذیربہنوں اور بھائیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے مسلم لیگ(ن) کی مقامی قیادت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اُنہوں نے سیکرٹری اُمور کشمیر اور آزاد کشمیرحکومت کومل کرکوئی مربوط پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ جس کے مطابق وفاقی حکومت ایل او سی پر رہنے والے کی حفاظت کے لیے کسی مربوط پروگرام پر عمل درآمد کر سکے اور اس ضمن میں یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔

وفاقی وزیر کی طرف سے دیے گئے عشائے میں آزادکشمیر مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور آنے والے ریاستی انتخابات سے متعلق کوئی مربوط حکمت عملی طے کرنے کی بھی سفارش کی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر یقین دلایا کہ اُن کی اولین کوشش یہ ہے کہ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر کے ریاستی انتخا بات کو بھی شفافیت کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے تاکہ کوئی فرد یا پارٹی الیکشن کی شفافیت پر اعتراض نہ اٹھا ئے۔

اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت انتخابات سے متعلق مکمل طور پر آگاہ ہے اور مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر ان انتخابات میں حصہ لے گی۔اس کے بعد مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی جارحیت اورجنگ بندی کی خلاف ورزی اور مذاکرات ملتوی کرنے کے خلاف قرارداد پاس کی گئی۔ عشائے میں ، گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان عباسی ، ریلوے وزیر خواجہ سعد رفیق ،وزیر اعظم پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی ،ایم این اے ملک ابرار احمد ،ایم این اے چوہدری عابد رضا،اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر ، ڈپٹی اپو زیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق ، ایم این اے اور سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں