مولانا فضل الرحمان حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلئے سرگرم،اروق ستار سے رابطہ کر کے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی درخواست

نئی شرائط منظور کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالاجائے، فاروق ستار کا اصرار

جمعرات 3 ستمبر 2015 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء)جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلئے سرگرم ہو گئے، مولانا فضل الرحمان نے فاروق ستار سے رابطہ کر کے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی درخواست کی، فاروق ستار نے مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ نئی شرائط منظور کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کوحکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن بیرسٹر ظفر اﷲ نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک آ گیا ہے،حکومت ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتی ہے تاہم ایم کیو ایم کی طرف سے مذاکرات ختم کر دیئے گئے ہیں، بیرسٹر ظفر اﷲ نے مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سے بھی مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا، جس پر جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلئے سرگرم ہو گئے ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے فاروق ستار سے رابطہ کیا اور مذاکرات کو جاری رکھنے کی درخواست کی ، جس پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ آپ حکومت پر دباؤ ڈالیں تا کہ وہ ہماری شرائط منظور کرے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے فاروق ستار کو ملاقات کرنے کا کہا تاہم وہ ملاقات کے بغیر ہی کراچی روانہ ہو گئے اور دوبارہ ٹیلیفونک رابطے کی یقین دہانی کروائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں