پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈیز کیرون پولارڈ اور سری لنکا کے تلکا رتنے دلشان سمیت کئی سٹارز شرکت کرینگے

جمعہ 4 ستمبر 2015 12:04

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈیز کیرون پولارڈ اور سری لنکا کے تلکا رتنے دلشان سمیت کئی سٹارز شرکت کرینگے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) آئندہ سال فروری میں ہونے والی پاکستان کی پہلی ٹی ٹونٹی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈین کیرون پولارڈ اور سری لنکن تلکارتنے دلشان سمیت متعدد اسٹارز شرکت کریں گے۔فروری 2016 میں ہونے والی لیگ میں پولارڈ سمیت پانچ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔

کرکٹ بورڈ سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ(یپ ایس ایل) کا انعقاد آئندہ سال چارسے 24 فروری تک قطر میں ہو گا جس میں کم و بیش 25 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو صف اول کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھلانا اور انہیں ایک مسابقتی فضا فراہم کرنا ہے جس سے قومی کھلاڑی 2009 سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے 2013 میں پہلی مرتبہ باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ملک کے حالات، مالی معاملات اور اسپانسرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسے دو مرتبہ ملتوی کرنا پڑاتاہم مالی مسائل سے دوچار بورڈ نے اسے آئندہ سال قطر میں منعقد کرانے کا حتمی فیصلہ کیا۔ کرکٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کے مطابق اب تک پانچ ویسٹ انڈین، تین سری لنکن، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دو دو جبکہ ایک آسٹریلین کھلاڑی نے لیگ میں شرکت پر رضامندی کی ہے۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے منصوبوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 40 غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور ان میں 25 کو لیگ کیلئے سائن کیے جانے کی توقع ہے. ان میں 15 دنیا کے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابتدا میں متحدہ عرب امارات میں اپنی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا جو ایک عرصے سے پاکستان کا ہوم گراوٴنڈ بنا ہوا ہے لیکن جنوری فروری میں وہاں ایک نجی لیھ کے انعقاد کے سبب پاکستان کو اپنی لیگ قطر منتقل کرنا پڑی۔

لیگ میں ممکنہ طور شرکت کرنے والے نامور کھلاڑی میں ویسٹ انڈیزکے کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیوین براوو، ڈیوین اسمتھ اور سیمیول بدری ‘سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، اجنتھا مینڈس اور تھسارا پریرا ‘نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن اور گرانٹ ایلیٹ ‘ جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی اور روبن پیٹرسن ‘انگلینڈکے مائیکل کاربیری اور ٹم بریسنن اور آسٹریلیاکے بریڈ ہوج شامل ہیں دوسری جانب چیف سلیکٹر ہارن رشید نے کہا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی فہرست مانگی تو 80 سے 90 کھلاڑیوں کے نام دیں گے ‘ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے قومی ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا واضح رہے پاکستان سپر لیگ فروری 2016 کو دوحہ میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں