ایم کیو ایم پارلیمانی جماعت ہے، اسے واپس ایوان میں آنا چاہئے‘ حکومت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی‘ متحدہ کے آئینی و قانونی مطالبات کو پورا کریں گے

وزیراعظم نواز شریف کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 4 ستمبر 2015 12:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پارلیمانی جماعت ہے اسے واپس ایوان میں آنا چاہئے‘ حکومت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی‘ متحدہ کے آئینی و قانونی مطالبات کو پورا کریں گے‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری اور دورہ برطانیہ سے متعلق بریفنگ دی۔

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر داخلہ کے دورہ لندن‘ کراچی آپریشن ‘ سیاسی صورتحال‘ ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو برطانوی حکام سے ملاقاتوں اور پاک برطانیہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم سے ہونے والے مذاکرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی۔ ایم کیو ایم کے آئینی اور قانونی مطالبات پورے کرنے کے لئے تیار ہیں ایم کیو ایم پارلیمانی جماعت ہے اسے ایوان میں واپس آنا چاہئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں