اسلام آباد : بھارت قلیل مدت جنگ کرے یا طویل مدت، پاکستان اس کو منہ توڑ جواب دے گا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 4 ستمبر 2015 15:44

اسلام آباد : بھارت قلیل مدت جنگ کرے یا طویل مدت، پاکستان اس کو منہ توڑ جواب دے گا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 04 ستمبر 2015 ء) : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت کی قیادت پر جنگی جنون سوار رہا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کسی بھی سطح کی مختصر یا طویل جنگ کے لیے تیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج کئی برسوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔

ریڈیو پاکستان سے انٹرویو میں بھارتی فوج کے سربراہ کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہاکہ اگر بھارت نے قلیل یا طویل مدت جنگ مسلط کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ پاکستانی مسلح افواج نے 1965 میں بھارتی فوج کے عزائم خاک میں ملا دئیے تھے اور اب وہ زیادہ تجربہ کار اور پیشہ ورانہ فوج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف امن پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر ملکی بقاء کا مسئلہ درپیش ہوا تو ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے سمیت پوری دنیا میں امن کا خواہاں ہے لیکن اگر اْسے اْکسایا گیا تو وہ ”مناسب“جواب دینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز بھارت کے آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر انڈیا اپنی سرحدوں پر جارحانہ فوجی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

دلبیر سنگھ نے جموں اور کشمیر میں جنگ بندی کی حالیہ مبینہ خلاف ورزیوں اور اس وجہ سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر نئی دہلی کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں