صنعت و تجارت کو تباہی سے بچانے کیلئے حکومت گیس ٹیرف اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے کو فوری واپس لے، مزمل صابری

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گیس کی قیمت میں 67فیصد تک اضافہ کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس مزید بڑھانے کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے ورنہ ان اقدامات سے کاروبار کی لاگت بہت بڑھ جائے گی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ملکی برآمدات مزید متاثر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی، توانائی اور کھاد کے شعبوں کیلئے گیس کی قیمت میں 23فیصد اضافہ کر دیا ہے جبکہ کمرشل صارفین کیلئے تقریبا 10فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو ملک کی حالیہ تاریخ میں بہت زیادہ اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے ملک میں پیداواری سرگرمیوں کی لاگت میں بہت اضافہ ہو گا اور ہماری مصنوعات مہنگی ہونے سے پاکستان کیلئے عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مشکل ہو جائے گا جس سے معیشت کیلئے مجموعی طور پر نقصان دہ اثرات پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

مزمل حسین صابری نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی شعبہ پہلے ہی گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں بھاری ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ گیس کی قیمت اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں موجودہ اضافے کی وجہ سے صنعتوں کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی اور ملک میں نئی سرمایہ کاری کی بہت حوصلہ شکنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں موجودہ اضافے کی وجہ سے صنعتی شعبے کیلئے گیس کی قیمت 0.96ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 6.72ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گی جو صنعتوں کیلئے ناقابل برداشت ہے خاص طور پر ایسے حالات میں جبکہ ان کو بجلی کی قلت سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں اضافے نے ہماری برآمدات کیلئے نئے مسائل پیدا کر دیئے ہیں کیونکہ پاکستان میں گیس کی قیمت سری لنکا کے مقابلے میں 80فیصد سے زائد ہے، انڈیا کے مقابلے میں 40فیصد سے زائد اور ویتنام کے مقابلے میں 55فیصد زائد ہے۔ ان حالات میں ہماری برآمدات کیسے عالمی منڈی میں مقابلہ کر سکتی ہیں۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے اور اوگرا نے بھی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12فیصد تک کمی کی سفارش کی تھی لیکن یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس بڑھا کر ان کی قیمتوں میں 3.6سے 5فیصد تک کمی کی اجازت دی ہے جو بہت ہی ناکافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو حکومت بغیر وقت ضائع کئے ملک میں تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیتی ہے لیکن جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوتی ہے تو حکومت اس کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے میں تاخیری حربے استعمال کرتی ہے جو بلاجواز ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر گیس کی قیمت اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کر عوام اور صنعت و تجارت کو مزید مشکلات سے بچائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں