پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات ،انجینئر جاوید سلیم قریشی چیئر مین منتخب

انجینئرانعام احمد عثمانی سینئر وائس چیئر مین،انجینئر ڈاکٹر نیاز اختر وائس چیئر مین پنجاب، انجینئربلوچ قاضی وائس چیئر مین بلوچستان کامیاب قرار

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:21

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے انتخابات برائے سال 2015-18 میں دی انجینئرز آف پاکستان گروپ کے انجینئرجاوید سلیم قریشی چیئر مین کی نشست پر کامیاب قرار دے دئیے گئے ہیں۔جبکہ سینئر وائس چیئر مین کی نشست پر انجینئر انعام احمد عثمانی ، وائس چیئر مین پنجاب کی نشست پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور وائس چیئر مین بلوچستان کی نشست پر انجینئررشید احمد بلوچ قاضی کامیاب ہوگئے۔

اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکشن جمعہ کے روز جاری کردیا گیا۔ انجینئر جاوید سلیم قریشی نے چیئر مین پاکستان انجینئرنگ کونسل کا چارج سنبھالنے کے بعد انجینئرزسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انجینئرنگ ورکس میں کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے انجینئرز کی موجودگی ضروری ہے لہذا تمام کنسٹرکٹرو کنسلٹنٹ فرمز انجینئرنگ پراجیکٹس میں انجینئرز کی ایمپلائمنٹ کویقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام کنسٹرکٹرو کنسلٹنٹ فرمز جنہوں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹریشن کے حصول کے لیے انجینئرز کو ایمپلائز ظاہر کیا ہے وہ 30یوم کے اندر ان ایمپلائز کے ڈیٹا کی توثیق کریں یا نئے انجینئرز کو ملازمت دے کر اپنا ریکارڈ اپ ڈیپ کروالیں ۔غلط ڈیٹا مہیا کرنے والی فرمزکے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انجینئر طاہر بشارت چیمہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو 30یوم کے اندر انجینئرزکے سروس سٹرکچر کا ڈرافٹ فائنل کرے گی جو بعد ازاں منظوری کے لیے گورنمنٹ آف پاکستان کو بھیجا جائے گا۔

انجینئر جاوید سلیم قریشی نے تمام صوبائی درالحکومتوں اور آزاد کشمیر میں انجینئرز کلب بنانے کا بھی اعلان کیا اور انتظامیہ کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ انجینئرزفاؤنڈیشن کو فعال بنایا جائے گا اوریہ فاؤنڈیشن ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انجینئرز کی بے روزگاری کے جلد خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔

اس سلسلے میں انجینئرزجواپنابزنس شروع کرنا چاہتے ہوں انہیں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سیکریٹریٹ میں بزنس کیلئے آفس اورضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجینئرز کی کھوئی ہوئی ساکھ اور وقار بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ چیئرمین نے تمام انجینئرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے اور انجینئرنگ کمیونٹی کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں۔

چیئرمین نے جنرل ریٹائرڈ شاہد نیاز کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹی کا بھی اعلان کیا جو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے متعلق اندرونی اور بیرونی معاملات کی مانیٹرنگ کرے گی۔ انجینئر جاوید سلیم قریشی نے الیکشن میں واضح برتری سے جیتنے پراﷲ سبحان و تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام انجینئرز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے منشور پر عملدرآمد کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں