ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور سیاسی ومعاشی استحکام کے لیے 1965ء والے جذبے کی ضرورت ہے، 1965 میں بھارت نے ہم پر شبخون مارا، پاک افواج اور پاکستانی عوام نے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا، اس کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملادیا

قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 16:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور سیاسی ومعاشی استحکام کے لیے 6ستمبر 1965ء والے قومی جذبے کی ضرورت ہے، 1965ء میں آج کے دن ہمارے پڑوسی ملک بھارت نے ہم پر شبخون مارا، تاہم پاک افواج اور پاکستانی عوام نے اللہ تعالیٰ کی نصرت سے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیااور اس کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملادیا۔

یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ہماری قومی اور عسکری تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے،6ستمبر 1965ء کی جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے سامنے سیسہ پلا ئی دیوار کی مانند کھڑی ہوگئی اور چشم فلک نے جرت وبہادری کے وہ ناقابل فراموش مناظر دیکھے جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے شہر ی اپنے ساتھ بم باندھ کر دشمن کے ٹینکو ں کے نیچے لیٹ گئے اور پاک فوج کے جری جوانوں نے مورچو ں کو چھوڑ کر میدانوں میں دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور آگ برساتی توپوں کے دھانے بند کروا دیے۔

قائم مقام سپیکر نے کہا کہ آج بھی کچھ ملک دشمن ملک میں دہشت پھیلا کر ہمار ے امن وسکون کو بر باد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے برسر پیکار ہیں اور انہیں قوم کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں تاہم اس لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

قائم مقام سپیکر نے ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہداء ہمارے حقیقی ہیروزہیں، پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا اور یہ اُن ہی کی قر بانیو ں کا صلہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں ۔قائم مقام سپیکر نے کہا کہ 6ستمبر تجدید عہدوفا کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم دفاع وطن اور ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور متحد ہو کر سب چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں