یوم دفاع پاکستان ملکی تاریخ کا شاندار اور یاد گار دن ہے، افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے حملہ آور کا غرور توڑا اور اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے، مسلح افواج نے شجاعت، قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ جنگی مہارت، بہتر حکمت عملی اور نظم و ضبط کے ایسے مظاہرے پیش کئے جن کی مثالیں دنیا کی تاریخ میں بہت کم ملتی ہیں، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کے سامنے ڈھال بن کر جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں

صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:01

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ملکی تاریخ کا شاندار اور یاد گار دن ہے، آج سے 50 برس قبل ہم نے جس ملی وحدت، یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہماری آئندہ نسلیں اس پر بجا طور پر فخر کر سکیں گی، افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے حملہ آور کا غرور توڑا اور اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے، ہماری مسلح افواج نے شجاعت ، قربانی اور ایثار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ جنگی مہارت ، بہتر حکمت عملی اور نظم و ضبط کے ایسے مظاہرے پیش کئے جن کی مثالیں دنیا کی تاریخ میں بہت کم ملتی ہیں، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کے سامنے ڈھال بن کر جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان“ کے موقع پراپنے پیغام میں کہی جو (آج) اتوار 6 ستمبر کو منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مملکت پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ تقسیم کے وقت انگریزوں سے مل کر سازشیں کیں۔ باؤنڈری کمیشن کے ذریعے کئی مسلم اکثریتی علاقوں کو ہندوستان کا حصہ بنا دیا گیا۔ خصوصاً گورداسپور کو بھارت میں شامل کر کے اسے کشمیر تک زمینی راستہ دیا گیا۔

تقسیم کے دوران لاکھوں مسلمانوں کو صرف اس جرم میں قتل کر دیا گیا کہ وہ پاکستان کی جانب ہجرت کر رہے تھے۔ اثاثوں کو تقسیم میں نا انصافی کی گئی۔ پھر 6 ستمبر 1965ء کو رات کی تاریکی میں دشمن نے سیالکوٹ اور لاہور پرحملے کی نیت سے سرحد عبور کر لی۔ جس کے جواب میں بہادر افواج پاکستان نے نہ صرف سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا بلکہ دشمن کو ذلت آمیز شکست سے دو چار کیا جس کا اعتراف کئی ریٹائرڈ بھارتی جرنیلوں نے اپنی کتابوں میں کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دفاع وطن کی اس جنگ میں ہماری مسلح افواج کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ قوم کے مزدور، کسان، طلباء، تاجر، سرکاری اہلکار، مرد و خواتین سب جذبہ جہاد سے سرشار تھے۔ تاریخ کے اس نازک موڑ پر قوم نے بے مثال اتحاد و یکجہتی کا مظاہر کیا۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو آج پھر سرحدوں پر جارح دشمن کے منفی عزائم اور اندورن ملک دہشت گردوں کی صورت میں ایک مخفی دشمن کا سامنا ہے۔

بھارتی افواج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ کرکے سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈیڑھ درجن کے قریب شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارتی فوج کے اس بزدلانہ فعل کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کے سامنے ڈھال بن کر جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔

پوری قوم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مسلح افواج پاکستان ان جارحانہ کاررائیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتہا پسندانہ سوچ کا حامل شخص ہے جس کے ہاتھ پہلے ہی گجرات کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ یہ شخص مسلم مخالف جذبات کو ابھار کر وزارت عظمیٰ تک پہنچا ہے۔

جو انتہا پسند ہندو تنظیموں او ر بد نام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ہاتھوں یر غمال بنا ہوا ہے، ایسے شخص سے امن ، دوستی اور صلح جوئی کی امید کرنا بے سود ہو گا۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ حکومت مثاثرین کو لاوارث نہیں چھوڑے گی۔ جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ہمیں تاریخ کے اس نازک موڑ پر بحیثیت قوم اتحاد و یکجہتی کا عملی ثبوت دینا ہو گا۔ اس طرح ہم ملک و قوم کو نا قابل تسخیر بنا سکتے ہیں۔ ہم بحیثیت قوم مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہونے پر فخر کر سکتے ہیں۔ اس صلاحیت کی بدولت پاکستان دشمن کے لیے تر نوالہ نہیں لوہے کا چنا ثابت ہو گا۔ دشمن اپنے مذموم مقاصد کو عملی جامعہ پہنانے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا۔

ہماری فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ عالمی طاقتیں بھی افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہیں۔ ہمیں سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی قیادت میں مسلح افواج کی اندرون ملک اور سرحدوں پر شاندار خدمات کا اعتراف ہے جس پر ہم اپنی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام حق خود ارادیت کیلئے لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی صورت بھارت کے ساتھ رہنے کیلئے تیار نہیں۔ ان کی منزل مقصود صرف پاکستان ہے۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ وہ وقت جلد لائے جب مقبوضہ کشمیر کے مسلمان آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں اور پوری ریاست پاکستان کا حصہ بنے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں