دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ اور سیاسی و معاشی استحکام کیلئے 6 ستمبر 1965ء والے قومی جذبے کی ضرورت ہے، پاک افواج اور پاکستانی عوام نے اللہ تعالیٰ کی نصرت سے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور اس کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا، ستمبر 1965ء کے شہداء ہمارے حقیقی ہیروزہیں

قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:01

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ اور سیاسی و معاشی استحکام کیلئے 6 ستمبر 1965ء والے قومی جذبے کی ضرورت ہے، 1965ء کو بھارت نے ہم پر شب خون مارا تاہم پاک افواج اور پاکستانی عوام نے اللہ تعالیٰ کی نصرت سے دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور اس کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہاریوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قومی اور عسکری تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 6 ستمبر 1965ء کی جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے سامنے سیسہ پلا ئی دیوار کی مانند کھڑی ہوگئی اور چشم فلک نے جرت وبہادری کے وہ ناقابل فراموش مناظر دیکھے جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے شہر ی اپنے ساتھ بم باندھ کر دشمن کے ٹینکو ں کے نیچے لیٹ گئے اور پاک فوج کے جری جوانوں نے مورچو ں کو چھوڑ کر میدانوں میں دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور آگ برساتی توپوں کے دھانے بند کروا دیے۔قائم مقام سپیکر نے کہا کہ آج بھی کچھ ملک دشمن ملک میں دہشت پھیلا کر ہمار ے امن وسکون کو بر باد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے برسر پیکار ہیں اور انہیں قوم کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں تاہم اس لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔قائم مقام سپیکر نے ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہداء ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا اور یہ اُن ہی کی قر بانیو ں کا صلہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں ۔قائم مقام سپیکر نے کہا کہ 6ستمبر تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم دفاع وطن اور ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور متحد ہو کر سب چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دُنیا میں صرف وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو عظیم مقاصد کے حصول کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرتی ہیں۔ قائم مقام سپیکر نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے پاک افواج کو کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا پاک افواج کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر سینہ تان کر اس کا مقابلہ کیا، آج بھی ہمارے بہادر سپاہی ملک سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی جری افواج کے ہوتے ہوئے کوئی بھی دشمن اس کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں