پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے ، مسلح افواج کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کوتیار ہیں ، ،ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا،وطن کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں

صدرمملکت ممنون حسین کا یوم دفاع پرپیغام

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:40

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء ) صدرمملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے ، تاہم کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھر پورجواب دینے کے لیے ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں ،ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا ، قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ، آزادی کے بعد قوم کو بہت سے چیلنجز اور نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑ، آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور ا س کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک وملت کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

50ویں یوم دفاع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ انہیں انتہائی فخر اور خوشی ہے کہ آج ہم اپنے قومی تاریخ کے ان ولولہ انگیز لمحات کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں، جب ہماری مسلح افواج اور قوم نے یکجہتی ،صبر و استقامت اور جرات و بہادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ قومی جذبے اور نظم و ضبط کے وہ روشن لمحات ہمارا اثاثہ ہیں جو ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں میں بھی جوش و خروش کی نئی روح پھونکتے رہیں گے ۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریک پاکستان ہمارے اسلاف کے خون سے رقم ہے، جنہوں نے آزادی کے حصول کے لئے ہرظلم اور جبر کو برداشت کیا ۔ آزادی کے بعد قوم کو بہت سے چیلنجز اور نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دشمنوں کی سازشوں کے باعث وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کو بہت سے خطرات درپیش رہے، جن کا بحیثیت قوم ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ جنگ65ء میں ہم نے بحیثیت قوم ثابت کر دیا کہ قومی وقار اور سا لمیت کو یکجہتی اور اتحاد سے ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ دفاعی خود انحصاری کی منزل کا حصول بھی ناگزیر ہے ۔ الحمد ﷲ یہ منزل ہم نے حاصل کر لی ہے ۔ آج ہم ایٹمی قوت ہیں اور ہماری مسلح افواج جرات وبہادری ،پیشہ ورانہ مہارت اور جدت سے لیس ہیں،تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دہشت گردی نمایاں ہے۔ اس ناسورکے خاتمے کے لیے قوم نے جو عزم کیا تھا افواج پاکستان نے ا س پر عملدرآمد کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں اس پر کاری ضرب لگائی ہے ۔

دہشت گردی کے نیٹ ورک توڑ دیئے ہیں اور ملک میں امن عامہ کی صورتحال انتہائی بہتر ہے، جس پر میں افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اس تاریخی موقع پر میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے عام شہریوں اور خاص طور پر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔قوم اپنے ہیروز کوکبھی فراموش نہیں کرے گی ۔

پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے۔ تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں ۔ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے ۔ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور ا س کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک وملت کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں ۔اﷲ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو ۔ آمین!

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں