50 واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 6 ستمبر 2015 13:02

50 واں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6ستمبر۔2015ء) بھارت کو 1965 کی جنگ میں عبرتباک شکست سے دوچار کرنے پر ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ پچاسویں یوم دفاع کے موقع پر دن کے آغاز میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور دفاع اور 65 کی جنگ کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جب کہ وفاقی دار الحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جب کہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیوی کے دستے نے تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور خالد پرویز کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پاکستان ایئرفورس کے چاک و چوبند دستے نے مزار قائد کی سیکیورٹی کے فرائص سنبھالے، مزار کی سیکیورٹی پاک فضائیہ کے 75 کیڈٹس نے سنبھالے جس میں 6 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ ایئر وائس مارشل عاصم ظہیر تقریب کے مہمان خصوصی تھی جنہوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بریگیڈئیر بلال جاوید نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بریگیڈئیر بلال جاوید نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے جب کہ رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر سلامی پیش کی۔ وزیراعظم نے بھی لاہور میں میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور کور کمانڈر لاہور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کوئٹہ اور پشاور میں بھی یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، کوئٹہ میں کمانڈر سدرن کمانڈ میجر جنرل ناصر جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ پشاور میں کرئل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک قاسم آرمی بیس دھنیال میں دفاعی سازو سامان کی نمائش دیکھ سکتے ہیں۔ یوم دفاع کے حوالے سے مرکزی تقریب آرمی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہو گی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں