بلوچستان کے امن کیلے یہربیار مری اور ڈاکٹر اللہ نذر سے مذاکرات کرنا ہونگے ،موجودہ گوریلا جنگ میں ان دو افراد کا اہم کردار ہے؛رہنما پیپلز پارٹی میر باز کھیتران

خان آف قلات کی واپسی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا البتہ براہمداغ بگٹی کا غیر مشروط واپس آنا ریاست کیلئے نیک شگون ہے،بلوچستان کا مسئلہ ڈاکٹر مالک اینڈ کو سے حل نہیں ہوگا، سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو ذاتی طور پر بیڑا اٹھانا چاہئیے ، خصوصی گفتگو

پیر 7 ستمبر 2015 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میر باز کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن کیلئے ہربیار مری اور ڈاکٹر اللہ نذر سے مذاکرات کرنا ہونگے کیونکہ موجودہ گوریلا جنگ میں ان دو افراد کا اہم کردار ہے۔ خان آف قلات کی واپسی سے کو ئی فرق نہیں پڑے گا البتہ براہمداغ بگٹی کا غیر مشروط واپس آنا ریاست کیلئے نیک شگون ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میرباز کھیتران نے کہا ہے کہ خان آف قلات سے متعلق زیادہ نہیں جانتے تاہم احمد زئی قبیلہ سے ان کا تعلق ہے،وہ براہوی قبیلہ جو جو کہجھالاوان اور ساراوان قبائل کے خان تھے،جن کا علاقہ قلات اور خصدار تک مشتمل ہے،وہ بلوچوں کے خان نہیں ہیں کیونکہ بلوچستان میں امن ہو یا جنگ خان آف قلات کو کوئی فرق نہیں پڑے گا‘ میرباز کا کہنا تھا کہ البتہ یہ بات درست ہے کہ براہمداغ بگٹی کی بلا مشروط واپسی ریاست کیلئے نیک شگون ہے۔

(جاری ہے)

انکے دادا اکبر بگٹی کے قتل کے بعد حالات خراب رہے ہیں اور مبینہ طور پر انکے قاتل پرویز مشرف آج تک ایک لمحہ کیلئے بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت کوئٹہ میں حاضر نہیں ہوئے‘ اگر ان حالات میں براہمداغ بگٹی واپس آ کر مصالحت کر لیں تو آگ پر پانی ڈالنے کے مترادف ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بلوچستان میں جو اس وقت گوریلا جنگ ہو رہی ہے اس کی اصل سربراہی ہربیار مری اور ڈاکٹر اللہ نذر ہیں جب تک ان سے باقاعدہ گفتگو نہ ہو گی اس وقت تک بلوچستان میں مکمل امن کی بات کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

میرباز نے مزید بتایا کہ بطور پاکستانی وہ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کا امن ملک کا امن ہے میرا تعلق اس جماعت سے ہے جو کہ وفاق کی علامت ہے جس کی قیادت نے ہمیشہ سیاسی جدوجہد کر کے اپنی جانوں کے نذرانے بھی دیئے ہیں تاہم بلوچستان میں امن کا راز مذاکرات میں دفن ہے اور اس امید کو ٹوٹنا نہیں چاہیئے۔انہوں نے کہا بلوچستان کا مسئلہ ڈاکٹر مالک اینڈ کو سے حل نہیں ہوگا سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو ذاتی طور پر بیڑا اٹھانا چاہئیے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں