کرپشن کا خاتمہ،وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ اور پنجاب میں اہم پارٹی ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں

پیر 7 ستمبر 2015 14:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے متعلقہ اداروں کوپنجاب میں کرپشن کیخلاف کسی بھی کارروائی کی منظوری دینے سے قبل پنجاب اور وفاقی کابینہ میں شامل وزرا اور اہم پارٹی ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں،نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پیر کے روز اس سلسلے میں ایف بی آر سمیت دیگر حلقوں کو تفصیلات جمع کرنے کاخصوصی ٹاسک دیدیاہے، وفاقی وزرا کے 2013 سے 2015تک کے جب کہ پنجاب کابینہ میں شامل وزرا کے 2008 سے 2015کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، ان اثاثوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب اوروفاقی کابینہ میں شامل ارکان کو ”کلین چٹ“دی جائے گی، رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور اپنے قریبی رفقاسے مشاورت کے بعد کیا، اس دوران یہ بھی فیصلہ کیاگیاہے کہ کرپشن کے خلاف کسی بھی کارروائی سے قبل پنجاب اور وفاقی کابینہ میں شامل ارکان کے اثاثوں کاجائزہ لیاجائے گا،وزیراعظم کو ان ارکان کے خلاف بھی کارروائی کی تجویزدی گئی ہے جنھوں نے کرپشن میں اپنے حصے کیلئے بیوروکریسی کوکرپشن کی طرف مائل کیا،یہ تمام فیصلے میں ن لیگ میں اندرون خانہ پارٹی ارکان کے ایک دوسرے پر لگائے جانیوالے الزامات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیراعظم کے سامنے نہ صرف اپنی کابینہ کے ارکان بلکہ بیورو کریسی کابھی دفاع کیاہے اور مئوقف اختیارکیاہے کہ پنجاب میں سیکرٹری اورکمشنرسطح پرکرپشن کاخاتمہ کیا جاچکا ہے۔ مشاورت کے دوران وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں، ملک بھر میں کرپشن کے خلاف بلاامتیازکارروائی ہورہی ہے، کرپشن کے خلاف جاری آپریشن کیخلاف کسی کوانگلی اٹھانے کاوقع نہیں دیاجاناچاہیے،واضح رہے کہ سندھ میں کرپشن کے خلاف نیب اورایف آئی اے کی کارروائیوں پر ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی نے شدید تحفظات کااظہارکیاہے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری چندروز قبل وزیراعظم نواز شریف سے پنجاب میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرچکے ہیں لہٰذا (ن) لیگ نے کرپشن کیخلاف جاری آپریشن کی شفافیت کوبرقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں کسی بھی کارروائی سے قبل وفاقی اورپنجاب کابینہ میں شامل ارکان اوراہم پارٹی عہدیداروں کے اثاثوں اورپنجاب میں کرپشن کی تفصیلات جمع کرنے کافیصلہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں