ارکان پارلیمنٹ اثاثوں کی تفصیلات 30ستمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، الیکشن کمیشن کی یاددہانی

پیر 7 ستمبر 2015 15:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کو ایک بار پھر یاددہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کی تفصیلات 30ستمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں‘ 1070 ارکان پارلیمنٹ میں سے 71 نے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرادیئے ‘ گوشوارے جمع کرانے والوں میں چیئرمین سینٹ رضا ربانی کا نام سرفہرست ہے‘ مقررہ تاریخ تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہر سال 30ستمبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات کمیشن میں جمع کرانا ارکان پارلیمنٹ کے لئے ایک لازمی قانونی تقاضا ہے اس لئے سینٹ قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو یاددہانی کرائی جارہی ہے کہ وہ 30ستمبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات ای سی پی میں جمع کرائیں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے فارم کمیشن کے اسلام آباد میں صدر دفتر سمیت چاروں صوبائی الیکشن کمیشن دفاتر سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں اور کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں