قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کی وزارت داخلہ کو افغان شہریوں کو جاری تمام جعلی شناختی کارڈ فوری منسوخ کرنے کی ہدایت

پیر 7 ستمبر 2015 17:01

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے وزارت داخلہ کوہدایت کی ہے کہ افغان شہریوں کو جاری کیے گئے تمام جعلی شناختی کارڈ فی الفور منسوخ کیے جائیں ، کمیٹی نے پاکستانی باسمتی چاول کی برآمد میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت تجارت کو چاول کی برآمدات بڑھانے اور چاول کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

پیر کو کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین افضل کھوکھر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ وزارت ریاستیں و سرحدی امور نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت داخلہ کی اجازت نہ ملنے اور انتظامات نہ کیے جانے کی وجہ سے ابھی تک پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا آغاز نہیں ہوسکا ، قبل ازیں وزارت ریاستیں و سرحدی امور نے وزارت داخلہ اور نادرا کے تعاون سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جس میں 10 لاکھ غیر رجسٹرڈ افغانیوں کو رجسٹر کرنے بارے منصوبے اور اس کے اخراجاتی تخمینے شامل ہیں ، کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ 10 مارچ 2015ء کو پاک افغان حکام کے اجلاس میں پاکستان میں غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کو رجسٹرڈ کرنے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر وزارت داخلہ کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت 2 سے 3 ماہ کے اندر غیر رجسٹر افغانیوں کو رجسٹر کرنے بارے پر امید ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزارت تجارت نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ نان باسمتی چاول کی برآمد میں اضافہ ہوا تاہم باسمتی چاول کی ایران کو برآمد بڑھانے کیلئے چاول کی اعلیٰ کوالٹی کو یقینی بنانے سمیت متعدد اقدامات کررہی ہے ۔ کمیٹی نے ایوان سمیت دیگر ممالک کو باسمتی چاول کی برآمد کم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت کے حکام پر زور دیا کہ ملکی باسمتی چاول کی برآمد بڑھانے اور چاول کے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں