اقتصادی اور ثقافتی راہداری کے تصور سے دونوں ملکوں کے درمیان مزید قربت پیدا ہوگی،چینی وفد کا دورہ دونوں قوموں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا،صدر ممنون حسین کی سنگھوا یونیورسٹی بیجنگ کے وفد سے گفتگو

پیر 7 ستمبر 2015 18:09

اسلام آبا د( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ ثقافتی راہداری کے تصور کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان مزید قربت پیدا ہوگی، چینی وفد کا دورہ دونوں قوموں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر سنگھوا یونیورسٹی بیجنگ کے پاکستانی ثقافت اور مواصلات سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر لی ڑیانگ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کے دوران کہی جنھوں نے اْن سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین ثقافتی راہداری کے سلسلے میں چینی مفکر کنفوشیس اور ہمارے مفکرین کے درمیان افکار میں یکسانیت پر کام کیا جائے۔ یہ ایک مفید کام ہے جس سے دونوں قوموں کے درمیان مزید قربت پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چینی وفد کا دورہ دونوں قوموں کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ا ٓئرن برادرز سے بھی بڑھ کر ہیں۔

دونوں ملک ثقافت، تہذیب اور تاریخ کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں اور ثقافتی تعلقات کو بہت اہم قرار دیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ انھیں دورہ چین کے فوراً بعد چینی وفد سے ملاقات کرکے بہت مسرت محسوس ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے چین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دوستی کے جذبے کے طور پر تین ستمبر کو بیجنگ ہونے والی تاریخی پریڈ میں شرکت کی۔

انھوں نے کہا کہ بیجنگ میں ہونے والی شاندار یادگاری پریڈ سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ چین ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ہے۔صدر مملکت نے اس امر کو سراہا کہ سلام کنفیوشس کے نام سے پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں ثقافتی نمائش منعقد ہورہی ہے جس کا مقصد اس عظیم چینی مفکر اور ہمارے مفکرین کے خیالات میں یکسانیت کو اجاگر کرنا ہے۔ صدر مملکت نے نمائش کے منتظمین کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چئیرمین بولین گروپ لین یووو نے صدر مملکت کو چین اور پاکستان کی ثقافت کی یکسانیت کی علامت کے طور پر چینی مفکر کنفیوشس کا مجسمہ پیش کیا جس کے سر پر پاکستانی پگڑی تھی۔چین ڈویلپمنٹ بنک کی شعبہ ریسرچ کی سربراہ لی جینگ، سینٹ کی دفاعی کمیٹی اور پاک چین انسٹیٹیوٹ کے چئیرمین مشاہد حسین سید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں