قومی ٹینس ٹیم چائنیز تائپے کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے جمعرات کو ترکی روانہ ہوگی

منگل 8 ستمبر 2015 13:03

قومی ٹینس ٹیم چائنیز تائپے کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلئے جمعرات کو ترکی روانہ ہوگی
اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) تین رکنی قومی ٹیم چائنیزتائپے کے حلاف ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل میں شرکت کے لئےجمعرات کو ترکی روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق پاکستان اور چائنیزتائپے کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کا فائنل 18 سے 20 ستمبر تک ترکی میں کھیلا جائے گا جس میں دو کھلاڑی عابد علی اکبر اور حمید الحق نان پلیئنگ کپتان پاکستان سے ترکی کیلئے روانہ ہونگے جبکہ اعصام الحق اور سامر افتخار امریکا سے براہ راست ٹیم کو جوائن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ٹینس فیڈریشن کی دعوت پر قومی ٹیم ترک کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 سے13 ستمبر تک قومی ٹیم ترکی کے ٹاپ کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس میچ کھیلے گی اس کے بعد 13 سے17 ستمبر تک قومی کھلاڑی ترکی کے شہر ازمیر میں تربیت حاصل کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اعصام الحق، عقیل خان، عابد علی اکبر اور سامر افتخار پر مشتمل ہے جبکہ حمید الحق نان پلیئنگ کپتان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چائنیز تائپے کے خلاف فائنل بڑی اہمیت کا حامل ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ کورٹ میں اترے اور اسی لئے ہم نے کھلاڑیوں کو قبل از وقت ترکی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، کھلاڑی وہاں پر میزبان ملک کے پلیئرز کے ہمراہ پریکٹس کریں گے اور انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کی ہے اور توقع رکھتے ہیں ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے نو برس بعد گروپ ون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام ترکی میں ہونے والی چائنیزتائپے کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون گروپ ٹو فائنل کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کل بدھ تک جاری رہے گا۔ تربیتی کیمپ میں2 کھلاڑی، عقیل خان اور عابد علی اکبر تربیت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں کوچ حمید الحق جدید تربیت دے رہے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں